چھ دسمبر اسٹاک ہوم میں یوم ِسیاہ کشمیرکے طور پر منایا جائے

0

اسٹاک ہوم (یورپین ڈیسک) سویڈن کی معروف سماجی شخصیت اور سینئر صحافی زبیر حسین کے اعزاز میں سماجی شخصیت ارشد خان ملتانی نے اپنی رہائش گاہ پر ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں کشمیر کونسل سویڈن کے چیف کوآرڈینیٹر سعید شیخ، سوشل میڈیا انٹرنیشنل ٹی وی کے روح رواں شہزادہ عثمان طاہراور سویڈن کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت امان اللہ گل نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر چھ دسمبر کواسٹاک ہوم میں کشمیر کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے معاملات زیرِغور آئے،کشمیر کونسل سویڈن کے چیف کوآرڈینیٹر سعید شیخ کا کہنا تھا کہ چھ دسمبر کو روس کے صدر پیوٹن بھارت کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی سےکشمیر کے حوالے سے اہم ملاقات کریں گےجوکہ ایک انتہائی حساس معاملہ ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر میں روس کی منفی مداخلت کشمیری عوام کے مسائل میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے لہٰذا ہمیں ہر ممکن پلیٹ فارم پر اس قسم کے منفی پروپیگنڈوں کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

سوشل میڈیا انٹرنیشنل ٹی وی کے سربراہ شہزادہ عثمان طاہر کا کہنا تھاکہ اس معاملے کو دنیا بھر میں مقیم پاکستانی و کشمیر کمیونٹی تک اجاگر کرنے کےلئے صحافی برادری کو اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ، نا صرف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اس اہم معاملے کو عوام تک منٹوں میں پہنچایا جاسکتا ہے اور اس طرح چھ دسمبر سے قبل پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کوئی ایسا لائحہ عمل ضرور تیار کرلے گی جس سے دنیا بھر کے ایوانوں میں چھ دسمبر کو بھارت میں ہونے والی کشمیر کانفرنس کے ناپاک عزائم کو روکا جاسکے گا۔

زبیر حسین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ روس نے ہمیشہ سے ہی کشمیر کے معاملے میں بھارت کے مؤقف کی حمایت کی ہےجو ایک بہت ہی سنجیدہ نوعیت کی پیش رفت ہے، ہمیں اپنا روایتی طریقہِ احتجاج جوکہ فقط تصاویر، آن لائن میٹنگز اوربھارتی سفارتخانوں کے باہر چیخنے چلانے تک محدود ہے اسے بدلنے کی اشدضرورت ہے،اب ہم اس دور میں حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں جہاں لوگ ہتھیاروں کے بجائے تحریرو ں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حقائق کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کررہے ہیں ، ہمیں بھی اسی طرز کی جدوجہد کو اپنانا ہوگا ۔

ارشد خان ملتانی کا کہنا تھا کہ مقامی صحافی برادری ہر ممکن کوشش کرے گی کہ چھ دسمبر سے قبل مقامی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کو ان معاملات سے آگاہ کیا جائے۔شرکاءکا کہنا تھا کہ روسی صدر پیوٹن کے بھارت کے دورے پر ہمیں سویڈن میں چھ دسمبر کو یوم سیا ہ کشمیر کے طور پر منا کر احتجاجی تحریروں کے ذریعے اپنا مؤقف ایوانوں میں پہنچانا چاہئیے،کشمیر کونسل سویڈن کے چیف کوآرڈینٹر سعید شیخ نے اس حوالے سے کشمیر کونسل سویڈن کی ہنگامی میٹنگ بلانے کا ارادہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!