ایتھنز (رپورٹ:انصر اقبال بسراء) دُنیا بھر کی طرح یونان میں بھی جشن غدیر و مباھلہ مذہبی عقیدت و احترام اورجوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس مبارک موقع پر یورپ کے قدیمی امام بارگاہ، عزاخانہ گلزار زینبؑ میں جشن غدیر و مباھلہ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران نومنتخب کابینہ کی حلف برداری بھی منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں نومنتخب مرکزی کابینہ اور آڈٹ کمیٹی کے ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ تقریب میں مقامی کمیونٹی اور تنظیمی اراکین نے بھرپور شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق تنظیمی منشور اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، صدر سید مجاہد حسین بخاری، نائب صدر چوہدری ضیاء اللہ، سیکریٹری جنرل محمد سعید حسین، معاون سیکریٹری جنرل غلام حیدر سیال، سیکریٹری فنانس محمد وقاص چیمہ، معاون سیکریٹری فنانس سید عاصم عباس رضوی اور آفس سیکریٹری راجہ اسد بشیر نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
تین رکنی آڈٹ کمیٹی کا حلف لینے والوں میںسید غلام رضا شیرازی، چوہدری اسلم مومن اور سید صدا حسین شاہ شامل تھے۔ تقریب کے دوران عزاخانہ گلزار زینبؑ کے بانی رکن اور سرپرست اعلیٰ سید انور حسین کاظمی نے نومنتخب کابینہ کے ارکان سے حلف لیا اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حلف برداری کی اس پروقار تقریب میں عزاخانہ گلزار زینبؑ پیریا کے نگران سید اشیر حیدر نے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے مقاصد اور منشور پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نومنتخب ارکان کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری اور لگن کے ساتھ سرانجام دیں گے۔
تقریب کے اختتام پر عزاخانہ کی ترقی اور عزاداری کے فروغ کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔