حفیظ اللہ قادری منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے نئے صدر منتخب ہو گئے

0

ویانا (رپورٹ:محمد عامر صدیق) منہاج القرآن انٹرنیشنل ویانا آسٹریا میں منہاج یورپین کونسل کے صدر بلال اپل کے زیر نگرانی آن لائن ووٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ جس سے باقاعدہ طور پر منہاج القر آن آسٹریا کی نئی کابینہ منتخب کی گئی۔ دستور تحریک منہاج کے آرٹیکل نمبر2 کی جز 2 کی شق viii اور آرٹیکل نمبر 7 کی جز 1 کی شق 5 کے تحت مفوضہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے بانی وسرپرست اعلیٰ آسٹریا تحریک منہاج القرآن الحاج خواجہ نسیم نے ”سپریم کونسل“ کی زیر نگرانی ووٹنگ کروائی۔

ووٹنگ میں منہاج یورپین کونسل کے باقاعدہ طور پر اعلان کے بعد آسٹریا میں نئے آنے والے صدر حفیظ اللہ قادری، جنرل سیکرٹری سلمان بھٹی اور فائننس سیکٹری چوہدری ارشد باقاعدہ طور پر منتخب کیے گئے ہیں۔ منہاج یورپین کونسل کے اعلان کرنے کے بعد صدر منہاج القران آسٹریا حفیظ اللہ قادری اور ان کی پوری ٹیم کو پاکستانی کمیونٹی آسٹریا کی طرف سے مبارکباد شروع ہو گئیں۔ پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں نے اور مختلف مساجد کے ذمہ داران عہدے داران نے نئے منتخب ہونے والے صدر اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دی۔

منہاج القرآن آسٹریا کے تمام عہدے داران ذمہ داران اور ممبران نے بھی نئے منتخب ہونے والے صدر کے لیے خصوصی مبارکباد دی اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر نئے صدر حفیظ اللہ قادری کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے جسے میں ایمانداری سے نبھاؤں گا اور انشاءاللہ آنے والے وقتوں میں منہاج القران کا نام آسٹریا بھر میں مشہور ہوگا اور ہمارے آنے والے وقتوں میں ممبران کی تعداد بھی بڑھے گی۔

مزید ان کا کہنا تھا کہ تحریک منہاج القرآن کا باضابطہ قیام14 ویں صدی ہجری کے آغازمیں بتاریخ 17 اکتوبر 1980ء کو ہوا۔ اس کے مرکزی سیکرٹریٹ کا سنگِ بنیاد تحریک کے روحانی سرپرست شہزادہ غوث الورٰی حضرت قدوۃ الاولیاء پیر السید طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی البغدادی رضی اللہ عنہ نے رکھا۔ الحمد للہ! اس وقت یہ تحریک دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں اپنا دعوتی و تنظیمی نیٹ ورک قائم کرچکی ہے۔ 625 سے زائد مطبوعہ کتب، ہزاروں خطابات اور دنیا کے درجنوں ممالک میں قائم اسلامک سنٹرز کی صورت میں دعوت و تبلیغِ حق اور تجدید و احیائے دین کا کام جاری ہے جس کے ذریعے امتِ مسلمہ اور عالمِ انسانیت کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا جارہا ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ’’تحریک منہاج القرآن‘‘ کا آغاز کیا، صدر منہاج القر آن آسٹریا کا کہنا تھا تحریکِ منہاج القرآن کے قیام کا مقصد گذشتہ اڑھائی صدیوں سے ملتِ اسلامیہ ہمہ جہتی زوال کا شکار ہے۔ فکری، نظریاتی، سیاسی اور سماجی حوالے سے طویل غلامی کے بعد امتِ مسلمہ اب بڑی شدت سے اس امر کو محسوس کر رہی ہے کہ دنیا میں باعزت اور باوقار زندگی گزارنے کے لیے اپنا اندازِ فکر اور منہجِ عمل بدلنا ہوگا۔ یہ سب کچھ اسی صورت میں ممکن ہے کہ امتِ مسلمہ بے مقصدیت اور ذہنی شکست خوردگی سے نجات حاصل کرے، ذاتی و گروہی مفادات، خود غرضی، علاقائی و لسانی عصبیت اور فرقہ پرستی کی زنجیریں امتِ مسلمہ کے زوال کے صریح اسباب ہیں۔

تحریک منہاج القرآن نے جہاں امتِ مسلمہ کوایک وحدت میں پرونے کی کوشش کی ہے وہاں عالمی سطح پرمذاہب کے درمیان نفرت وکدورت کوکم کرنے، دنیا کوتہذیبی تصادم سے بچانے اورانسانیت میں پیار، محبت اور رواداری کوفروغ دینے کے لیے بھی ہرسطح پربھر پورجدوجہد کی بین المذاہب رواداری کے فروغ کے سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن کی قابل تحسین اور بے مثال خدمات ہیں۔

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا اور ہمارے لیے ووٹ ڈالا۔ میں اپنی پوری کابینہ کی جانب سے تمام لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ہم سب مل کے منہاج القر آن کے لیے اور ملک پاکستان کے لیے ایک مثال قائم کریں گے اور آسٹریا میں ہم انشاءاللہ اس کو مزید کامیابی کی طرف لے کر جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!