منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا ویانا میں چوہدری اعجاز (مرحوم) کے ایصال ثواب کے سلسلے میں قرآن خوانی، رسم قل و فاتحہ خوانی کا اہتمام

0

ویانا (رپورٹ:محمد عامر صدیق) منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا میں ویانا کے رہائشی چوہدری اعجاز (مرحوم) جو کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے شہر گجرات میں انتقال فرما گئے تھے۔ ان کے ایصال ثواب کے سلسلے میں 21 جولائی بروز اتوار شام چار بجے قرآن خوانی، رسم قل، فاتحہ خوانی و دعائیہ تقریب کا اہتمام ان کے صاحبزادوں چوہدری خلدون اعجاز اور چوہدری خرم اعجاز کی جانب سے کیا گیا۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، رشتہ داروں، مرحوم کے اہل خانہ اور دوست احباب نے شرکت کی،ایصال ثواب کی محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، اس موقع پر خصوصی خطاب نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جہاں اللہ تعالیٰ نے اپنی عبادت میں کسی کو شریک نہیں کیا، ساتھ ہی والدین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کا کہا ہے۔ جب کسی مسلمان کے والدین میں سے کوئی ایک یا دونوں فوت ہو جاتے ہیں اور جب وہ ان کے لئے دعا کے لئے ہاتھ اٹھاتا ہے تو اس کے تمام گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں۔

نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زبان مبارک سے جو لفظ بھی نکلتا ہے حق نکلتا ہے اور اللہ کا کلام ہی نکلتا ہے اللہ کے حضور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جن کے والدین زندہ ہیں انھیں ان کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور جن کے اس دنیا فانی سے جا چکے ہیں اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور انھیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے،آمین۔

آخر میں انہوں نے ختم شریف پڑھا اور مرحوم کی مغفرت ، درجات کی بلند ی کے لئے خصوص دعا کروائی ، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے ۔

شرکاء نے چوہدری اعجاز (مرحوم) کے صاحبزادوں چوہدری خلدون اعجاز اور چوہدری خرم اعجاز سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کے ان کی فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

آخر میں چوہدری اعجاز (مرحوم) کے صاحبزادوں کی جانب سے تمام لوگوں کا ان کے والد (مرحوم) کے ایصال ثواب کے سلسلے میں قرآن خوانی، رسم قل، فاتحہ خوانی و دعائیہ تقریب میں شریک ہونے کا شکریہ ادا کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!