کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنے کیلئے بھارتی سازشیں ناکام ہو چکیں،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
لندن (تارکین وطن نیوز) کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنے کیلئے بھارتی سازشیں اور ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہارکنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے دورہ کے موقع پر کیا۔
انہوںنے کہا کہ بھارتی قابض افواج نہتے کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشنز اور جھوٹے مقابلوں میں شہید کررہی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کررہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارت کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے تمام سفاکانہ اقدامات کو بے نقاب کیا اور آئندہ بھی کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لاتا رہے گا ۔
سینیٹ آف پاکستان میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم کی قیادت میں سینیٹ کے وفد نے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان ، کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے سیکرٹری لارڈ قربان حسین ، جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دیگر امور کے علاوہ کشمیر کی صورتحال اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے حق میں اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سینیٹر شہزاد وسیم ، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری ، سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور ، سینیٹردنیش کماراور سینیٹر فوزیہ ارشد نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارت کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بھرپور انداز میں اٹھائی ہے۔
اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنرمعظم احمد خان نے اوورسیز بالخصوص برطانیہ میں پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی تحریک حق خود ارادیت کی حمایت ہر فورم پر کی جائے گی ۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظالمانہ اقدامات سے متعلق ڈوزیئر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔اس موقع پر ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال کا عالمی دنیا کو فوری نوٹس لینا چاہیے، عالمی برادری حق خودارادیت سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
ہم نہ صرف برطانوی پارلیمنٹ بلکہ دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ملاقات میں جموں و کشمیرتحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی آواز کو نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپ سمیت دنیا بھر میں ہر سطح پر اٹھانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستانی پارلیمنٹرینز کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو اور بھی مضبوط اور بھرپور طریقے سے دنیا کے سامنے لانے کے لئے اقدامات کریں گے اور کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچائیں گے ۔
وفد نے برطانوی پارلیمنٹ کے دورے کے دوران شیڈومنسٹرز بیرسٹر عمران حسین، افضل خان ،خالد محمود ، ایم پی جیوڈتھ کامنز، لیبر فینڈز آف کشمیر کے کنوینئر لارڈ واجد خان اور دیگر ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کی اور دو طرفہ باہمی تعلقات و پارلیمانی امور سمیت مسئلہ کشمیر کے امور پر سیر حاصل گفتگو کی اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی۔