موت کی تلخ حقیقت روز اول کی طرح عیاں، ہر زندہ شے نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے، پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی
اولڈہم (محمد فیاض بشیر) موت کی تلخ حقیقت روز اول کی طرح عیاں ہے ہر زندہ شے نے موت کا کڑوا ذائقہ ضرور چکھنا ہے اللّٰہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام و مائی حوا سے انسانیت کا سلسلہ شروع کیا جو تاقیامت جاری رہے گا کب دنیا میں آنا ہے اور کب روح پرواز کر جائے گی ،علم غیب صرف اللّٰہ تعالیٰ کی دسترس میں ہے۔
کسی اپنے پیارے کے جانے کا غم انسان کو توڑ دیتا ہے لیکن کمال نظام قدرت ہے کہ وہ وقت کے ساتھ انسان کو جینا سکھا دیتا ہے لیکن گزرے ہوئے سنہری لمحات اور یادیں انسان کے ساتھ ہمہ وقت لپٹی رہتی ہیں اور اسی سہارے زندگی کا پہیہ چلتا رہتا ہے پھر ہم نے بھی چلے جانا ہے اور تاقیامت یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔
بابا جی حضرت حاکم علی ، سسر حاجی حافظ محمد صدیق ، بڑے بھائی حاجی محمد یعقوب مدنی ، بہنوئی حاجی خلیل احمد نقشبندی ، بھتیجے ڈاکٹر محمد عاطف یعقوب ، انتہائی نفیس ملنسار دوست چوہدری خالد گجر کے جانے کا غم ہر لمحہ کرب میں گزرتا اور اب میرے بھائیوں جیسے محسن ادارہ نور السلام فیصل آباد انٹرنیشنل کی مجلس شوریٰ کے رکن الحاج خالد وزیر خان آفریدی ہمیں چھوڑ کر خالق حقیقی سے جا ملے۔
جب ان سب کی یاد انتہائی تڑپاتی ہے تو آنکھوں سے بے اختیار آنسو جاری ہو جاتے ہیں جو رکنے کا نام نہیں لیتے اللّٰہ تعالیٰ کی مدد شامل حال ہوتی ہے تو صبر آ جاتا ہے کہ نظام قدرت کے آگے تو بے بس ہے ۔
ان دلی فرط جذبات کا اظہار ادارہ نور السلام فیصل آباد انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ حضرت پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے ایک خصوصی نشست کے موقع پر کیا ۔
انکا مذید کہنا تھا کہ میں اہل ایمان، اپنے متوسلین و محبین، مریدین ، خلفاء ،عزیز و اقارب اور دوست احباب سے التجا کرتا ہوں کے میرے پیاروں کی مغفرت کے لیے بارگاہ الٰہی میں خصوصی دعا کریں اور میں اپنے اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سربسجود ہو کر گڑگڑا کر دعا کرتا ہوں کہ مجھے صبر عظیم عطا فرمائے ،آمین ثم آمین۔