پیرس: نو منتخب صدرچوہدری محمد سلمان اسلم کی زیر صدارت ’’آکاک‘‘ ACAC ایسوسی ایشن کا اجلاس، تاجران کو درپیش مسائل کے حل کیلئےحکمت عملی تیار
پیرس (رپورٹ:سلطان محمود) فرانس میں تارکین وطن پاکستانی کمیونٹی کی نوجوان نسل فرانس کی سیاست اور بزنس میں دن بدن آگے بڑھ رہی ہے۔
پیرس کے نواح میں واقع سینتالیس ہزار آبادی کے شہر شوازی لغوا “Choisy-Le-Roi” کی تاجران یونین کی صدارت کے لیے پاکستانی نوجوان ، قانون دان پاکستان بزنس فورم فرانس کے سیکریٹری لیگل اینڈ انٹرنیشنل آفیئرز چوہدری محمد سلمان اسلم کو صدرمنتخب کرلیا گیا۔
اِس ایسوسی ایشن میں فرانسیسی ، چائنا،عرب، ویت نام، افریقہ، کمور، کونگو ،اٹلی، ترکی، پاکستان، بنگلادیش، انڈیا، سری لنکا، مغرب اور یورپین کمیونیٹیز کے پچاس سے زیادہ شعبوں کے تاجر شامل ہیں۔ نو منتخب یونین صدر سلمان اسلم جانی پہچانی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیت پاکستان بزنس فورم فرانس کے بانی صدر حاجی محمد اسلم چوہدری کے بیٹے ہیں۔
چوہدری محمد سلمان اسلم کی صدارت میں ہونے والی’’آکاک‘‘ ACAC ایسوسی ایشن کی اِس پہلی میٹنگ میں شوازی لُغوا Choisy-Le-Roi کے تاجران کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی، جس میں آنے والے دِنوں میں شہر کے میئر، نیشنل پولیس، میونسیپل پولیس، ڈیپارٹمنٹ کے کمرشل سیکشن سے میٹنگ عمل میں لائی جائینگی۔
ایسوسی ایشن کے اہم مقاصد میں شوازی لُغوا بالخصوص سنٹر میں بزنس کمیونٹی کو متحد رکھنا، اجتماعی ایکشنز عمل میں لانا، کاروباری احباب کو نیو ٹیکنالوجی سے بزنس ڈویلپمنٹ کرنے سے متعلق مکمل آگاہی، سالانہ اجتماعی بڑے بازار کا انعقاد، قانونی اور ایڈمنسٹرٹیو راہنمائی مہیا کرنا شامل ہے۔
اِس ایسوسی ایشن میں شوازی لُغوا میں موجود پاکستانی تاجر بھی شامل ہیں، جن میں چوہدری امان اللہ، رضوان نسیم اختر، چوہدری قمر زمان، چوہدری احتشام افضل، کامران تارڑ، عمران تارڑ، فخر زمان، علی رضا،محمد علی عباس، حافظ ادریس، عدنان نسیم اختر اور دیگر شامل ہیں۔
یہ احباب اِس ایسوسی ایشن میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کریں گے ، اگلے چند روز میں تنظیم مکمل ہونے کے بعد ایگزیکٹیو کے عہدیداران کا اعلان کردیا جائیگا۔