پاکستان تحریک انصاف برطانیہ نارتھ ویسٹ کی جانب سے’’رہا عمران خان‘‘جلسے کا انعقاد

0

روچڈیل (رپورٹ:محمد فیاض بشیر) پاکستان تحریک انصاف برطانیہ نارتھ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری چوہدری شاہد انور او روچڈیل برانچ کے صدر کاشف علی نے castlemere کمیونٹی سینٹر میں ’’رہا عمران خان‘‘ احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

جلسے میں سابق وزیر داخلہ شہریار خان آفریدی،رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم شاہ ،عمران رانا، پاکستان تحریک انصاف سماجی رابطوں کے سرگرم رکن اظہر مشوانی ،اسلم بھٹہ ،برطانیہ کے مرکزی رہنما آصف رشید بٹ چوہدری رضوان نصیر و دیگر نے شرکت کی۔

سابق وزیر داخلہ شہر یار خان آفریدی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے تقدس پر شب خون مارنے کے ساتھ عدلیہ کو قبضے میں کرنے کے لیے قانون سازی کی گئی، ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی گئی، اتنی فسطائیت پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئی۔

ان کا مذید کہنا تھا کہ اگر کوئی ایسی قانون سازی کرنی تھی تو تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جاتا ،مشاورت سنت ہے، ہمارے دور اقتدار میں نظام درست سمت کی طرف جا رہا تھا بدقسمتی سے سازش کے تحت حکومت گراکر پاکستان کو پستی کی طرف دھکیل دیا گیا ۔

رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم شاہ نے کہا کہ عمران خان کا ایک ہی موقف ہے کہ فوج کا سیاست میں کردار نہیں ہونا چاہیے، باقی جو سیاسی جماعتوں کے اندر اختلافات ہیں ہم خود انکو حل کر لیں گے۔رانا عمران نے کہا کہ عمران خان رہائی کی تحریک کو متحرک کرنے کے لیے برطانیہ بھر میں تقریبات کا انعقاد ہو رہا ہے ۔

چوہدری شاہد انور اور کاشف علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے برطانیہ بھر میں تحریک کو مذید تیز کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا،پاکستان تحریک انصاف برطانیہ نے جماعت کے مرکزی قائدین کی برطانیہ آمد کے بعد عمران خان کی رہائی بارے تحریک زور پکڑتی جا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!