آئی ایل ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے آئیکون ٹم ساؤتھی شارجہ واریئرز کے کپتان مقرر

0

شارجہ (سپوٹس ڈیسک) شارجہ واریئرز نے نیوزی لینڈ کے بہترین فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کو ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے آمدہ ایڈیشن کے لئے اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے وہ شارجہ واریئرز کی قیادت کریں گے۔ گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت اور نچلے آرڈر کے بلے بازی کی وجہ سے پہچانے جانے والے ساؤتھی اپنے کیریئر کے مختلف مراحل میں مختلف فارمیٹس میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرچکے ہیں۔

19برس کی عمر میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے والے نیوزی لینڈ کے اس کھلاڑی نے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا جس کے بعد انہوں نے اپنے ملک کے لئے ون ڈے اور ٹیسٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلا۔ انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو پر ساؤتھی کی پہلی بین الاقوامی وکٹ پال کولنگ ووڈ کی تھی۔ مجموعی طور پر انہوں نے 126 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں اور 16.7 کے اسٹرائیک ریٹ سے 8 کی اکانومی کے ساتھ 164 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔

شارجہ واریئرز کا کہنا ہے کہ ساؤتھی کا تجربہ آئی ایل ٹی 20 کے آئندہ سیزن کے لئے ٹیم کو تقویت دے گا۔ آئی ایل ٹی 20 سیزن 3 کا آغاز 11 جنوری سے ہوگا اور شارجہ واریئرز اپنا پہلا میچ 12 جنوری کو گلف جائنٹس کے خلاف کھیلے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹم ساؤتھی نے کہا کہ شارجہ وارئرز کے پاس شاندار اسکواڈ موجود ہے جس میں جارحانہ بلے باز اور ہوشیار اور ہنرمند بولرز موجود ہیں۔

یہ کپتانی کرنے اور اس طرح کے باصلاحیت کرکٹرز کے گروپ میں رہنے کے لئے واقعی ایک دلچسپ وقت ہوگا۔ ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ میری بات چیت بھی اب تک بہت نتیجہ خیز رہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ایک اچھا سیزن ہوگا۔ میں ٹیم میں شامل ہونے اور اس کی قیادت کرنے کے لئے واقعی پرجوش ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!