پاکستانی نژاد سویڈش سیاستدان زبیر حسین کے اعزاز میں کچھی کمیونٹی کی شاندار تقریب

0

کراچی (نمائندہ خصوصی) سویڈن کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت زبیر حسین، جو حال ہی میں سویڈن کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے چکے ہیں، ان دنوں پاکستان کے خصوصی دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ سویڈن اور پاکستان کے اداروں کے درمیان کاروباری اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے لئے مختلف کاروباری اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

کراچی میں زبیر حسین کو کچھی کمیونٹی نے بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا اور ان کے اعزاز میں "ایک شام زبیر حسین کے نام” کے عنوان سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب انٹرنیشنل کچھی آرگنائزیشن اور کچھی مسلم کمہار جماعت کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں کچھی کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔

تقریب میں چیئرمین کچھی مسلم کمہار جماعت عمران مجاہد، وائس چیئرمین ایاز علی، جنرل سیکرٹری کمہار سپریم کونسل حنیف، صدر کچھی کمہارجماعت داؤد بیڑا پار، جنرل سیکرٹری کچھی کمہار جماعت غنی زکر، کچھی سپریم کونسل کے سیکرٹری عبدالکریم چوہان، ممبر کچھی سپریم کونسل مشتاق قریشی، عبدالشکور سیرو، صدر کچھی لنگا جماعت حفیظ عالیانی، کچھی کور کمیٹی سے جاوید علی کمہار،اقبال حسن،عمران لاکھانی ،ابرہیم گل ،فقیر محمد ساٹی، کچھی میانہ جماعت عثمان آباد سے شہزاد ، اظہر،حارث،وقاص، دھوبی گھاٹ قادری جماعت سے عامر قادری ،ڈالمیاں کچھی پاڑہ کے سینئر ممبر عبدالغنی شان کی قیادت میں وفد، حنیف سوڈا ، عرفان سپ، عبدالرشید مانجوٹھی، عبدالرحیم ساٹی سمیت نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے زبیر حسین نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت جن مسائل کا سامنا ہے، ان میں سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی گمراہی ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں نوجوانوں کے خواب ڈاکٹرز، انجینئرز اور پروفیسرز بننے کے ہوتے تھے، لیکن آج کے دور میں سوشل میڈیا انفلوینسرز نے نوجوانوں کو گمراہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ زبیر حسین نے مزید کہا کہ کچھ نو سرباز نوجوانوں کو بیرون ملک ہجرت کے جھانسے دے کر ان کے والدین کی جمع پونجی تک چھین رہے ہیں۔

ان تمام مسائل کے حل کے لئے زبیر حسین نے کچھی نوجوانوں کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنے کا عہد کیا ہے کہ جہاں تعلیم کے میدان میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو اسکالرشپس کے حصول میں مدد فراہم کی جائے گی اور ہنر مند نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تکنیکی تعلیم کے اداروں سے منسلک کیا جائے گا۔تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹرک آرٹ کے مصور اقبال صنم نے بھی شرکت کی اور زبیر حسین کی پاکستان کے لئے خدمات کے اعتراف میں انہیں ٹرک آرٹ سے بنایا گیا پورٹریٹ پیش کیا۔

تقریب کے میزبان، انٹرنیشنل کچھی آرگنائزیشن کے روح رواں عمران منتری، نعمان صدیقی، اور احمد رضا نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہی فراہم کی۔

یہ تقریب کچھی کمیونٹی کی یکجہتی اور زبیر حسین کی خدمات کی قدر دانی کا ایک شاندار نمونہ پیش کرتی ہے، جو کہ پاکستانی نوجوانوں کے لئے ایک نئی راہ متعین کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!