اوسلو:پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے زیراہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 17ویں برسی کی تقریب، راجہ عاشق حسین کے جئے بھٹو کے فلک شگاف نعرے
اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) دنیا بھر کی طرح ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کی تقریب کا اہتمام پیپلزپارٹی ناروے نے کیا۔ اس خصوصی اجلاس کی صدارت پی پی پی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز نے کی جبکہ مہمان خصوصی سینئر راہنما میاں محمد اسلام تھے۔
تقریب کا آغازمولانا مفتی زبیر تبسم نے تلاوت کلام پاک سے کیا،جبکہ سینئر نائب صدر چوہدری اسمائیل سرور بھٹیاں نے نعت رسول مقبولؐ پیش کی اور اپنے بیان میں کہا کہ پیپلزپارٹی مضبوط ملکی دفاع کی ضامن ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نارویجن کنزرویٹو پارٹی کے رہنما اور سٹی کونسل کے رکن طلعت حسین بٹ نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور وہ وزیٹنگ کارڈ بھی حاضرین کو دکھایا جس پر محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے آٹوگراف دیئے تھے۔
اوسلو سٹی کونسل کے رکن اور معروف سیاست دان عامر جاوید شیخ نے حاضرین کے ساتھ محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے ملاقاتوں کی یادیں شیئر کیں۔ادبی تنظیم دریچہ کے صدر اور تجزیہ نگار ڈاکٹر سید ندیم حسین نے اپنی نوجوانی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ نظریاتی کمٹمنٹ کا زکر کیا اور کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید پاکستان کے مسائل کو سمجھنے اور ان پر کھل کر موقف بیان کرنے والی مدبر اور سنجیدہ سیاست دان تھی۔ انہوں نے سیاسی استحکام کے لئے میثاق جمہوریت کو ایک بہترین ڈاکومنٹ قرار دیا۔
دوران اجلاس برطانیہ سے پاکستان پیپلزپارٹی یورپ کے سینئر نائب صدر ابرار میر نے لائیو خطاب کرتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور یاد دلایا کہ پاکستان میں مارشل لاز کے ادوار میں اورسیز پاکستانیوں اور پیپلزپارٹی کے اراکین نے جمہوریت کی بحالی کے لئےہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی ناروے کو کامیاب پروگرام کرانے پر مبارکباد بھی دی۔
ٹی وی اور تھیٹر کے معروف فنکار ڈائریکٹر اور کالم نگار ٹونی عثمان نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے لئے امریت کے خلاف بھٹو خاندان اور پیپلزپارٹی کی راہنماؤں اور ورکرز کی قربانیاں مثالی ہیں۔ معروف دانشورسینئر راہنما متحدہ محاذ آزادی ارشد بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید پاکستان کے بہتر مستقبل کی امید تھیں اور ان کی مقبولیت پاکستان کے چاروں صوبوں میں تھی۔
ارشد بٹ نے کہا کہ صوبہ سندھ کی حکومت کی کارکردگی دوسرے صوبوں سے بھت بہتر ہے مگر پیپلزپارٹی کا سوشل میڈیا کمزور ہے اور وہ پارٹی کی بہترین کاموں کو ہا ئی لائیٹ کرنے میں ناکام ہے۔ اس پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں پارٹی اراکین کے علاوہ سماجی اور سیاسی شخصیات کی کثیر تعداد تھی۔
پیپلزپارٹی ناروے کے سینئر رہنمائو ں محمد الیاس کھوکھر نائب صدر چودھری محمد اشرف، چوہدری ظفر نواز حقیقہ ، بابر بٹ، رفیع اللہ،چوہدری افضل پسوال، قمر پسوال ،جاوید پسوال، شیخ جنید طارق ، چوہدری نزر خان نے خصوصی طور تقریب میں شرکت کی ، تقریب کی نظامت کے فرائض پیپلزپارٹی ناروے کے جنرل سیکرٹری اصغر شاہد نے ادا کئے۔