بدعنوانی پارٹی کو درپیش سب سے بڑا خطرہ ہے، شی جن پھنگ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پھنگ نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بیسویں مرکزی کمیشن برائے انضباطی معائنہ کے چوتھے مکمل اجلاس سے اہم خطاب کیا۔ پیر کے روز صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ نئے عہد میں جامع اور سخت پارٹی گورننس کو فروغ دینے اور بدعنوانی کے خلاف جنگ کی کوششیں بے مثال رہی ہیں اور اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف لڑنے میں ہمیشہ اپنی ثابت قدمی اور استقامت کو برقرار رکھا جانا چاہیے اور اس مشکل اور طویل جنگ کا مقابلہ عزم کے ساتھ کیا جانا چاہیے۔شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ 2024 میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی نے پارٹی کی جامع اور مضبوط حکمرانی کو فروغ دینے پر زور دیا اور نئے نتائج حاصل کئے۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی پارٹی کو درپیش سب سے بڑا خطرہ ہے اور بدعنوانی سے لڑنا سب سے مکمل خود انقلابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خلاف موجودہ جدوجہد بدستور شدید اور پیچیدہ ہے۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ نئے عہد اور نئے سفر میں، ہمیں اصلاحات کے جذبے اور سخت معیارات کے ساتھ پارٹی کو منظم کرنے اور حکومت کرنے میں کوشاں رہنا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی نگرانی کو مضبوط بنانے ،اسے مسلسل درست کرنے اور معمول پر رکھنے کی کوششوں کو فروغ دینا چاہیے ۔سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان لی چھیانگ، چاؤ لہ جی، وانگ ہو ننگ، چھائی چھی اور ڈنگ شیوئے شیانگ نے اجلاس میں شرکت کی۔