چینی صدر کا سی پیک کے "اپ گریڈڈ ورژن” کیلئے پاکستان کی مدد کرنے کا اعلان

0

امید ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنائے گا، شی جن پھنگ کی صدر زرداری سے گفتگو

پاکستان مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پر عزم ہے، صدر زرداری

دونوں سربراہان مملکت نے سی پیک اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کئے

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان آہنی دوست اور ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں۔ پاکستان کے لئے چین کی دوستانہ پالیسی ہمیشہ تمام پاکستانی عوام کی جانب مرکوز رہی ہے۔ چینی میڈ یا کے مطا بق ا ن خیالات کا اظہار بدھ کے روز چینی صدر نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کے ساتھ بات چیت میں کیا۔

چینی صدر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کرنے، مشترکہ طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کا "اپ گریڈڈ ورژن” بنانے اور پاکستان کی ترقیاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔ امید ہے کہ پاکستان اپنے ملک میں موجود چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کے سکیورٹی تحفظ کو مضبوط بنائے گا اور دہشت گردی کے خلاف دوطرفہ اور کثیر الجہتی تعاون کو مضبوط بنائے گا۔

اگلے سال چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جائے گی اور دونوں فریقوں کو ثقافت، تعلیم اور میڈیا کے شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مزید گہرا کرنا چاہئے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ چاہے عالمی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں ، پاکستان چین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

پاکستان چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے پر عزم ہے اور کثیرالجہتی کو برقرار رکھنے، آزاد تجارت کو فروغ دینے اور دونوں ممالک اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

بات چیت کے بعد دونوں سربراہان مملکت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، ریڈیو اور ٹیلی ویژن وغیرہ کے شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کیے۔بات چیت سے قبل شی جن پھنگ نے صدر پاکستان کے لئے ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی۔اسی رات شی جن پھنگ کی جانب سے عظیم عوامی ہال میں صدر زرداری کے لیے استقبالیہ ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!