فرانس میں ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کی مناسبت سے بڑی تقریب کا اہتمام

0

تقریب میں فرانس کی پاکستانی سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیات و خواتین کی بھرپور شرکت

پاکستان مقبوضہ وادی کا مسئلہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل سمیت تمام عالمی فورمز پر لڑتا رہے گا،مقررین

پیرس (سلطان محمود سے) فرانس میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ایک بڑی تقریب کا اہتمام کیا گیا ، اس تقریب میں فرانس کی پاکستانی سیاسی ، سماجی و کاروباری شخصیات و خواتین نے بھرپور شرکت کی۔

سرپرست مسلم لیگ ن فرانس سردار ظہور اقبال، راجہ علی اصغر اور نعیم چوہدری کی میزبانی میں منعقدہ تقریب میں سفارتخانہ پاکستان کے افسران نے بھی شرکت کی،فرانس میں مقیم پاکستانی ننھے بچوں نے کشمیر میں جاری ظلم و ستم کے حوالے سے ٹیبلو زپیش کئے۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھاکہ غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے بہادر عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں ، شرکاء نے خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی سات دہائیوں سے طویل جدوجہد کو سراہا۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت مسلسل ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے ، کشمیریوں کی پر امن اور جمہوری جدوجہد کو روکنے کے لئے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود بھارت کی قابض فوج کے سامنے کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں اور دنیا سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ کشمیر میں استصواب رائے کروایا جائے جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی شکل میں دنیا نے ان سے کر رکھا ہے۔

تقریب سے خطاب میں مقررین کا کہناتھا پاکستان مقبوضہ وادی کا مسئلہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل سمیت تمام عالمی فورمز پر لڑتا رہے گا، عالمی رہنما کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کی قراردادوں پر عمل کروانے میں کردار ادا کریں۔

مقررین میں سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر ، طارق شریف بھٹی ، نعیم چوہدری ، صاحبزادہ عتیق الرحمن ، ڈاکٹر حمزہ تاج ، چوہدری گلزار لنگڑیال ، ملک منیر احمد ، چوہدری ذوالفقار نگیال ، طاہرہ سحر و دیگر شامل تھے۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان اور کشمیر کیلئے دعا کروائی گئی ، مظاہرے میں سیاسی ، سماجی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں اور خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!