زیر نظر کتاب عارف کسانہ کی نئی تخلیق "وطن ثانی” ایک خوبصورت معلوماتی اور دلچسپ اور عارف کسانہ کی اپنے وطن ثانی، سویڈن سے محبت اور بھرپور جذبات کی عکاسی کر تی کتاب ہے۔ اس کتاب کا عنوان ’وطن ثانی‘ ہی دراصل عارف کسانہ کی ہجرت کی کہانی لیے ہوئے ہے جس میں وہ اپنے اصل وطن پاکستان سے ترک مکانی کر کے یورپ کے دور دراز ملک میں منتقل ہونے اور یہاں اپنے وطن ثانی کو انہوں نے کیسا پایا اس کی تفصیل، اس کتاب میں مل جاتی ہے۔
وطن ثانی کی محبت کو وطن اول کی محبت کے برابر قرار دینے کے واقعے میں انہوں نے دونوں ممالک کی قومی ترانے کو سب سے پہلے پیش کیا ہے اور پھر سویڈن کے بارے میں تفصیل بھی بیان کیا ہے۔ حتی کہ یہاں کے رسم و رواج سے بھی اپنے پڑھنے والوں کو مستفید کیا ہے۔ مثال کے طور پر فیکا کا ذکر کرتے ہوئے اپ کہتے ہیں کہ اس الفاظ کا کوئی نعم البدل کسی اور زبان میں نہیں اور پھر اس کی تفصیلات بیان کرتے ہیں۔
ان کے اس بیانیہ سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ عارف کسانہ، نہ صرف اس نئے ملک، وطن ثانی سویڈن کی رسم و رواج سے آگاہ ہیں اور بھرپور نظر غایت اس معاشرے پر رکھتے ہیں بلکہ سوئیدش زبان پر بھی انہیں عبور حاصل ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ عارف کسانہ نے اس سے پہلے کئی ایک کتابیں پیش کی ہیں اور ان میں ان کی ایک مشہور کتاب کا مختلف زبانوں میں، جس میں جرمن زبان بھی شامل ہے، کا ترجمہ ہوا ہے۔
عارف کسانہ اس لحاظ سے ایک منفرد طرز اسلوب اور مثبت سوچ کے ادیب ہیں جو دور جدید کے تقاضے پر گہری نظر رکھتے ہیں اور اس کے پیش نظر ہی اپنے تخلیقات کے بہتر دریا کا رخ موڑتے ہیں۔ انہوں نے سویڈن میں وطن اول سے ائے خاندانوں کے ان بچوں کے لیے جو وطن اول کے طرز معاشرت سے اگاہ نہیں تھے ایسی کتابیں لکھیں جو ان کو اپنے تہذیب و ادب سے جوڑے رکھنے کا سبب بنیں۔ اور اب وطن ثانی پر ایک خوبصورت کتاب لکھ کر اپنے انہی نوجوانوں کو اس بات کا شعور بھی عطا کرنے کے لیے کہ با وجود اس کے کہ انسان کہیں بھی رہ رہا ہو اسے اپنی تہذیب و تمدن سے جڑا رہنا چاہیے اور یہ کہ وہ جس ملک میں مستقل رہ رہا ہو اسے جاننے، اس کی تہذیبی رچاؤ کا احترام کرنے اور اس میں حتی المقدور اپنے آپ کو اپنی تہذیبی اقدار کے ساتھ، ضم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
یہ ایک خوبصورت اور بامعنی کتاب ہے جو پہلی کتابوں کی طرح نوجوانوں میں یقینا” بہت مقبول ہوگی۔ میری دعائیں عارف کسانہ کے ساتھ ہیں مجھے امید ہے کہ وہ اپنی تخلیقی بہاو کو بھی ایسے ہی خوبصورت موضوع پر نت نئی اور اچھوتی تخلیقات سے سیر کرتے رہیں گے۔