غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ یوکے اور یوکے اسلامک مشن کے باہمی اشتراک سے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کو عام کرنے بارے چیرٹی ڈنر کا اہتمام
اولڈہم (رپورٹ:محمد فیاض بشیر) غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ یوکے اور یوکے اسلامک مشن کے باہمی اشتراک سے ورنتھ سویٹ ہال میں پاکستان میں تعلیم کے فروغ کو عام کرنے بارے چیرٹی ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان کے نامور شاعر و ٹی وی میزبان وصی شاہ نے خصوصی شرکت کی ۔
غزالی ٹرسٹ اور یوکے اسلامک مشن کی سرکردہ شخصیات مولانا محمد اقبال،ناصر اقبال چوہدری ،ڈاکٹر حامد خان المشرقی ،حافظ محمد سلیم ، خالد محمود ،چوہدری رضوان ناصر ،میاں راشد ضیا ،ضمیر احمد اور عمران ظفر کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

وصی شاہ نے کہا کہ چیرٹی ڈنر میں لوگ علم و ادب کو فروغ دینے کے لیے آئے ہیں برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی اپنے مادر وطن سے محبت کا لازوال رشتہ ہے جس سے ہمیں بھی علم و ادب کی وجہ سے محبت ملتی ہے ۔
ڈاکٹر حامد خان المشرقی نے کہا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ نے ایک بار پھر بچوں کی تعلیم کو فروغ دینے بارے اچھے پروگرام کا انعقاد کیا پاکستان میں تعلیم کے حوالے سے جتنا کام کیا جائے کم ہے، دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی تعلیم کی اہمیت و افادیت سے بخوبی آگاہ ہیں ۔
سید خالد عباس نے کہا کہ تعلیم قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے،سابق مئیر بولٹن چوہدری اختر زمان نے کہا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ والے نیک اور کار خیر کا کام کر رہے ہیں سبکو انکی مدد کرنی چاہیے۔
چیف ایگزیکٹو غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ نے کہا کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں تبدیلی لانے کے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا ضروری ہے۔
عدیل چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کو عام کرنے کے لیے غزالی ایجوکیشنل ٹرسٹ سرفہرست ہے جنکے پورے پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں ساڑھے آٹھ سو سکول ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے تعلیم کا عام ہونا ضروری ہے،غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان کے پسماندہ اور دیہی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کو ممکن بنانے کے لیے ہراول دستے کا کام کر رہا ہے۔