ناروے: پوٹھوہار ویلفیئرسوسائٹی کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں عقیل قادر 2 سال کیلئے بلامقابلہ صدر منتخب
اوسلو (نمائندہ خصوصی) پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کا سالانہ اجلاس منہاج القرآن اوسلو کے مرکز پر منعقد کیا گیا جس میں ممبران نے کثیر تعداد میں فیملیز سمیت شرکت کی، اجلاس کا آغاز حافظ محمد اویس حمید نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اورراجہ عاشق حسین نے بارگاہ رسول ﷺ میں عقیدتوں کے پھول نچاور کیے۔
اجلاس کی صدارت چوہدری عبدالحمید صدر پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی نے کی جبکہ نقابت کے فرائض سوسائٹی کے مرکزی رہنما راشد علی نے انجام دیئے اور سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، انہوں نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے فلاحی سرگرمیوں، چیریٹی پروگرامز اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

انہوں نے سوسائٹی کے مزید موثر اور وسیع تر فلاحی کردار کے لیے آئندہ حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر شرکاء نے سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں جبکہ مختلف سوالات کے تسلی بخش اور مدلل جوابات دیئے گئے۔ فنانس سیکرٹری راجہ عاطف نواز نے سالانہ مالیاتی رپورٹ پیش کی۔
اخراجات اور آمدنی کی تفصیلات فراہم کرتے ہو ئے بتایا کہ سوسائٹی کے جتنے بھی پروگرامز ہو ئے ہیں ان کے نوے فیصد اخراجات سرکاری امداد اوردس فیصد اخراجات انتظامیہ نے ادا کیے، اجلاس کے آخر میں الیکشن کمیشن کے چیئر مین محمد آفتاب اور انکی ٹیم جاوید سرور اور امیر حسین کی جانب سے انتظامیہ کے الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔
ناروے کے معروف صحافی اور نما ئندہ دنیا نیوز عقیل قادر کا نام صدر کے لیے پیش کیا گیا جس پر تمام ممبران نے ان پراعتماد کرتے ہو ئے انہیں دو سال کے لیے بلامقابلہ صدر منتخب کر لیا۔ شاہد سعید کو ایک سال کے لیے نائب صدر منتخب کیا گیا۔
غضنفرعلی جنرل سیکرٹری، چوہدری عبدالحمید جوائنٹ سیکرٹری، راجہ عاطف نواز فنانس سیکرٹری، چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں انفارمیشن سیکرٹری، راجہ عاشق حسین رکنیت انچارج، راشد علی اعوان اور حماد ثاقب دو سال کے لیے ممبر منتخب ہوئے۔
نو منتخب صدر عقیل قادر نے خطاب کرتے ہوئے تمام ممبران اور نو منتخب عہدیداروں کو جنرل اسمبلی کے کامیاب اجلاس پر مبارکباد پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممبران نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور سوسائٹی کی بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر انتظامیہ کے تمام ممبران کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے جبکہ سوسائٹی کے لیے بہترین خدمات سرانجام ادا کرنے پر راشد علی اعوان کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔