سبادیل میں تارکین وطن کے پیپرز کی اپوائنٹمنٹ میں تاخیر،مسئلے کو اجاگر کرنے کیلئے اسکیرا ریپبلکانا کی پریس کانفرنس
سبادیل(ارشد نذیر ساحل)سبادیل میں گذشتہ روز سپین کی نیشنل پولیس کی تارکین وطن کے پیپرز کی اپوائنٹمنٹ میں تاخیرکے مسئلے پر ایک پریس کانفرنس ہوئی۔
پریس کانفرنس میں سبادیل میں اسکیرا ریپبلیکانا کے میئر کے امیدوار گابریل فرنینڈس،افریقہ ممالک کی فیڈریشن کے صدرسانا مینہ،فیڈریشن دیل بائیس کے نائب صدرسفیان یونس نے نیشنل پولیس کی جانب سے ڈاکومنٹس جمع کرانے کیلئے اپوائنٹمنٹ میں تاخیر جیسے سنجیدہ معاملے کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوائنٹمنٹ میں تاخیر کی وجہ سے تارکین وطن مسائل کا شکار ہیں اور پیپرز رینیو نہ ہونے کی وجہ سے کئی تارکین وطن کی ملازمتیں بھی ختم ہوگئی ہیں،اپوائنٹمنٹ کے تاخیر کے مسئلے کی وجہ سے’’سیتا مافیا‘‘بھی متحرک ہوگیا ہے۔
پریس کانفرنس میں اپوائنٹمنٹ کے مسئلے کو فوری حل کرنے پر زور دیا گیا۔پریس کانفرنس کے بعد بلدیہ سبادیل میں نیشنل پولیس کی تارکین وطن کے پیپرز کی اپوائنٹمنٹ میں تاخیرکے مسئلے پرایک قرارداد بھی پیش کی گئی،جس میں وفاقی حکومت پر زور دیا گیا کہ اس مسئلے کوجلدازجلد انسانی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
اسکیرا ریپبلکانہ کی طرف سے پیش کی گئ اس قرارداد کو بلدیہ سبادیل میں بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔