مرکزی جماعت اہلسنت اوسلو میں گرینڈ افطار ڈنر”پاکستان کی ترقی و استحکام کبلئے اتحاد ضروری”آصف حمید کا تقریب سے خطاب
اوسلو،ناروے (عقیل قادر سے) مرکزی جماعت اہلسنت اوسلو کے زیر اہتمام معززینِ اوسلو کے لیے ایک شاندار افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں ویلفیئر اتاشی آصف حمید سمیت مختلف مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قاری رحمت الٰہی کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جبکہ عبدالمنان نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ رسول مقبول پیش کی، اس موقع پر قاری محمود الحسن چشتی گولڑوی نے ختم شریف پڑھا اور پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے خصوصی دعا کرائی۔

سفارتخانہ پاکستان سے ویلفیئر اتاشی آصف حمید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے قومی یکجہتی اور اتحاد انتہائی ضروری ہے، ہمیں مل کر ملکی سلامتی اور عوامی بہبود کے لیے کام کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی اور باہمی تعاون ہی پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہے۔
آصف حمید نے ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان میں حالیہ ٹرین اغوا کے واقعے کا ذکر کیا، جسے پاک فوج، فضائیہ اور سکیورٹی اداروں نے بہادری سے ناکام بنایا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اور مسلح افواج کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
آخر میں پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے لواحقین کے صبر، اور پاکستانیوں کے درمیان اتحاد و بھائی چارے کے فروغ کے لیے دعا کی۔