آئرلینڈ :ڈبلن میں آئرش پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز (IPIP) کی جانب سے آئی بی اے کراچی سے آنیوالے وفد کے اعزاز میں عشائیہ
عشائیے میں کمیونٹی قائدین کے علاوہ آئی ٹی ماہرین اور مقامی افراد کی بھرپور شرکت
ڈبلن آئرلینڈ (وسیم بٹ سے) آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں آئرش پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز (IPIP) نے آئی بی اے کراچی سے آنے والے ایک وفد کے اعزاز میں ڈبلن کے مقامی ریسٹورانٹ نواب میں عشائیہ اور ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس میں کمیونٹی قائدین کے علاوہ آئی ٹی کے ماہرین اور مقامی افراد نے بھرپور شرکت کی۔

آئرش پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز کے فاؤنڈر ممبر ڈاکٹر محمد وسیم اختر اور نواز زئی نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے آئی بی اے کراچی وفد کا تقریب کے دیگر افراد سے تعارف کروایا اور شرکاء کواس تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج کی اس تقریب کا مقصد آئرلینڈ میں بسنے والے اکیڈمیا اور آئی ٹی کے شعبہ سے انتہائی ہنر مند آئرش اور پاکستانیوں کو ایک گروپ کو اکٹھا کرنا ہے ۔
پاکستان سے آئے ہوئے وفد آئی بی اے (IBA) کراچی کے وائس چانسلر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبر زیدی ،ڈاکٹر شکیل احمد کھوجا،مقامی قائدین اور دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم انشاءاللہ بہت جلد آئی بی اے (IBA) کے گریجویٹس کے لیے بہتر رہنمائی اور پیشہ وارانہ معاونت کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آئرش تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون بھی بڑھائیں گے۔
آئرش پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز (IPIP) ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے جو گاہے بگائے مختلف نوعیت کے پروگرامز،کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کراتے رہتے ہیں جس سے آئی ٹی صنعت کے ماہرین،تکنیکی ماہرین اور طلباء کے درمیان تعاون کو فروغ ملتا ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ اس وقت آئرلینڈ یورپ کا آئی ٹی حب بن چکا ہے اور آئی ٹی کے فریش گریجویٹس کے لیے آئرلینڈ میں روشن مستقبل اور لاتعداد نوکریوں کے مواقع معیسر ہیں۔
آخر میں ڈاکٹر محمد وسیم اختر اور نواز زئی نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور حاضرین کی تواضع بہترین پاکستانی کھانوں سے کی گئی ۔