سٹاک ہوم کے نواحی علاقے ہالنڈا میں پاکستان کرکٹ اینڈ کلچر سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک رنگا رنگ میلے کا انعقاد
ہالنڈا، سٹاک ہوم (زبیر حسین سے) پاکستان کرکٹ اینڈ کلچر سوسائٹی نے سٹاک ہوم کے نواحی علاقے ہالنڈا میں ایک پرجوش اور کامیاب مینا بازار کا انعقاد کیا، جس میں ہر عمر اور جنس کے افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔
اس دلکش تقریب میں خواتین، مردوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستانی ثقافت کے رنگوں میں رنگ گئے۔مینا بازار میں بچوں کی تفریح کے لیے خصوصی طور پر میوزیکل چیئر کا مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں حصہ لینے والے تمام بچوں کو خوشگوار حیرت کے طور پر چاکلیٹ کے تحائف پیش کیے گئے۔

اس کے ساتھ ہی، حاضرین نے مختلف ثقافتی پروگراموں سے بھی لطف اندوز ہوئے، جس سے تقریب کی رونق اور بڑھ گئی۔اس میلے میں پاکستانی اور انڈین کھانوں کے متنوع اور لذیذ سٹالز لگائے گئے تھے۔جہاں روایتی کھانوں کی خوشبو نے ماحول کو مہکا دیا۔
اس کے علاوہ خوبصورت پاکستانی اور انڈین ملبوسات اور دلکش زیورات کے سٹالز بھی موجود تھے، جنہوں نے شرکاء کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔تقریب میں کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کی شرکت نے اس کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔
چوہدری ظفر اقبال، لیاقت علی خان، ڈاکٹر نواز احمد، رضوان ڈار، حافظ سجاد احمد، یوسف سائی اور خواجہ ابوبکر سمیت کئی معزز شخصیات نے اس موقع پر شرکت کی اور اس شاندار اور کامیاب مینا بازار کے انعقاد پر سوسائٹی کے صدر خواجہ مقصود احمد اور ان کی پوری ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
یہ مینا بازار نہ صرف پاکستانی اور انڈین کمیونٹی کے افراد کو ایک جگہ جمع ہونے اور اپنی ثقافت سے جڑے رہنے کا موقع فراہم کرتا ہے، بلکہ سویڈن میں مقیم دیگر ثقافتوں کے لوگوں کو بھی اس رنگا رنگ تہوار سے روشناس کراتا ہے۔
سوسائٹی کی جانب سے اس کامیاب ایونٹ کا انعقاد باہمی رواداری اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کی ایک بہترین مثال ہے۔