بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستانی و کشمیری کمیونٹی9مئی کو انڈین سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریگی، علی رضا سید

0

برسلز (نمائندہ خصوصی) بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی و کشمیری کمیونٹی9مئی کو انڈین سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔اس حوالے سے یورپی دارالحکومت برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کے سیکرٹریٹ میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد ہوئی جس میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید، معروف کمیونٹی رہنما رائو مستجاب احمد خاں اور خالد محمود جوشی نے شرکت کی۔

پریس کانفرنس میں بھارت کی جانب سے پاکستان کی بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی اور بلااشتعال جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی رضا سید نے اعلان کیا کہ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی9مئی بروز جمعہ شام چار بجے بھارتی سفارتخانے کے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

اس مظاہرے کا مقصد بھارت کی حالیہ بزدلانہ جارحیت کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا اور دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر متحد ہے۔اس موقع پر رائو مستجاب احمد خان اور خالد محمود جوشی نے بھی خطاب کیا اور علی رضا سید کے موقف کی بھرپور تائید کی۔

دونوں رہنماؤں نے بھارتی اقدامات کو نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا بلکہ اسے خطے کے امن کے لیے بھی خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بزدلانہ اقدام کو ہر عالمی فورم پر اٹھائیں گے تاکہ عالمی برادری بھارت کا اصل چہرہ دیکھ سکے۔

اس موقع پر ان رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان کے ذمہ دارانہ ردعمل اور تدبر پر اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز کو بروقت اور پیشہ ورانہ کاروائی انجام دینے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم چاہے دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو وہ اپنے وطن اور افواجِ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔

پریس کانفرنس میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور یورپین یونین سمیت عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]