ایتھنز میں ’’جشنِ پاکستان‘‘ وطن سے محبت کا والہانہ اظہار،یونان میں بسنے والے پاکستانیوں کی بھرپور شرکت
مودی کے خلاف اور پاک افواج کے حق میں زبردست نعرے بازی
ایتھنز، یونان (پرویز احمد مغل سے) پاکستان کی حالیہ عسکری کامیابی کے جشن کے طور پر، یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں محبانِ وطن پاکستانیوں نے ایک شاندار "جشنِ پاکستان” کا انعقاد کیا۔
اس تقریب میں مختلف شہروں سے آئے پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی، جہاں سیاسی و مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد شرکاء نے "اللہ اکبر” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے ایتھنز کی فضاؤں کو معطر کر دیا،نوجوانوں نے ملی نغموں پر جوش و خروش سے دھمال ڈال کر محفل کو مزید پرجوش بنا دیا۔
تقریب میں مقررین نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور حالیہ کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن کے دفاع اور ترقی کے لیے ہمیشہ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
یونان کے درالحکومت ایتھنز۔ بسنے والے پاکستانیوں نے بھرپور انداز میں پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا ،انہوں نے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ماحول کو بنائے رکھا انہوں نے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور پرجوش دکھائی دے رہے تھے ۔
اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی نے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں،اس پروگرام کا انعقاد معروف صحافی مرزا رفاقت حسین ،چوہدری ظفر ساہی ،شاہد ساقی ،احمد نور میو اور انکے ساتھیوں نے کیا تھا۔