سفارتخانہ پاکستان ایتھنز یونان کے زیر اہتمام یوم پاکستان اور حالیہ انڈیا، پاکستان جنگ کے دوران پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

0

ایتھنز (رپورٹ:پرویز احمد مغل سے) سفارتخانہ پاکستان ایتھنز یونان کے زیر اہتمام مقامی ریسٹورنٹ میں یوم پاکستان اور حالیہ انڈیا پاکستان جنگ کے دوران پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ممالک کے سفیروں، یونانی سرکاری، عسکری حکام نے شرکت کی،تقریب کا اہتمام پاکستانی سفارتخانے نے کیا تھا۔

تقریب کا مقصد حالیہ انڈیا پاکستان کشیدگی کے دوران پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنا، پاکستان کے قومی دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور پاکستان یونان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

تقریب کے مہمانانِ گرامی میں یونانی پارلیمنٹیرین پاک یونان فرینڈشپ گروپ کی صدر بھی شامل تھیں، جنہوں نے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔

پاکستان کے سفیر عامر آفتاب قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی دن کی تاریخی اہمیت اور پاکستان کے قیام کے پس منظر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے اصولوں پر کاربند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونان اور پاکستان کے تعلقات میں وقت کے ساتھ مزید بہتری آ رہی ہے، اور دونوں ممالک مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

تقریب میں سفارتی برادری، یونانی حکومت و فوج کے نمائندگان، پاکستان کے دفاعی اتاشی، مقامی صحافی اور پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمانوں کو پاکستانی روایتی کھانے بھی پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔تقریب میں بھارتی جارحیت میں شہید ہونے ننھے فرزند شہید عباس طوری کےلیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی فتح کا خصوصی کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو بھی بھرپور انداز میں منایا اور اسے ایک قومی فتح کے طور پر سیلیبریٹ کیا۔

یاد رہے کہ یہ کارروائی بھارت کے آپریشن سندور کے جواب میں کی گئی تھی، اور بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔یہ تقریب پاکستان کے قومی وقار، سفارتی تعلقات اور قومی حمیت کے اظہار کا مظہر بنی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی جوش و خروش سے بھرپور شرکت قابلِ دید تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]