اسلام آباد (محمد عبداللہ شہزاد سے) پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں بنگلہ دیش کو 37 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ پاکستانی ٹیم کی اس جیت نے شائقینِ کرکٹ کے دل جیت لیے اور شاداب خان نے آل راؤنڈر پرفارمنس سے میچ کے ہیرو کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ مشکل وقت میں شاداب خان اور سلمان آغا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ سلمان آغا نے 34 گیندوں پر 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ شاداب خان نے صرف 25 گیندوں پر 48 رنز اسکور کیے۔ حسن نواز نے بھی برق رفتار 44 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم 19.2 اوورز میں صرف 164 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ لٹن داس (48 رنز)، جاکر علی (36 رنز) اور تنجید حسن (31 رنز) نے کچھ مزاحمت دکھائی مگر پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکے۔
حسن علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 30 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ خوشدل شاہ، سلمان آغا اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
شاداب خان کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر "پلیئر آف دی میچ” قرار دیا گیا۔
سیریز کا دوسرا میچ 30 مئی کو ایک بار پھر لاہور میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔