فرینکفرٹ(نذر حسین)پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی اوورسیز کانفرنس میں بیرو ن ممالک میں مقیم پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے علاوہ امریکا، یورپ اور وسطی ایشیائی جمہوریہ سے خصوصی مہمان اور مندوبین تشریف لائے ہیں۔پی ٹی آئی کے صدر قاضی حبیب کی قیادت میں جرمنی سے خصوصی طور پر پی ٹی آئی کی پوری ٹیم نے کانفرنس میں شرکت کی ۔
جرمنی میں پی ٹی آئی کے صدر قاضی حبیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لئے ایک تاریخی کانفرنس ہو گی۔ جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ملک میں سرمایہ کاری کا ایک نیا تصور پیش کیا گیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو جعلی، یا فراڈ اور ریئل اسٹیٹ اسکیموں سے محفوظ رکھا جائے گا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے کراچی، لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں ان کے لئے جائیداد کے منصوبے شروع کئے جائیں گے جس کے لئے زمین بھی حاصل کی جا چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کے تمام سفارت کاروں کو واضح ہدایات دی جا چکی ہیں کہ وہ صرف اسی صورت میں ملازمت پر رہیں گے جب بیرون ملک مقیم پاکستانی آپ کے کام سے مطمئن ہوں گے۔جرمنی سے آنے والے وفد کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے خصوصی طور پر خوش آمدید کہا۔