پورٹ لیش میں تحریک منہاج القرآن آئر لینڈ کے زیر اہتمام انڈیکشن ڈے کی پروقار تقریب

0

پورٹ لیش میں تحریک منہاج القرآن آئر لینڈ کے زیر اہتمام بچوں کی اسلامی تعلیم و تربیت کا پہلا ہفتہ وار منہاج اسکول آف اسلامک سائنسز کے عنوان سے کلاسز کا آغاز ہونے جارہا ہے ۔

پورٹ لیش آئرلینڈ (وسیم بٹ ) آئرلینڈ کے شہر پورٹ لیش میں تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام بچوں کی اسلامی تعلیم و تربیت کا پہلا ہفتہ وار منہاج اسکول آف اسلامک سائنسز کے عنوان سے کلاسز کا آغاز ہونے جارہا ہے اس سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ نے پورٹ لیش کے مقامی ریسٹورنٹ گریل اینڈ چیل میں انڈیکشن ڈے کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین ، بچوں اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز بچوں میں سے عیسیٰ نعیم نے تلاوت قرآن پاک اور اس کے انگلش ترجمے سے کیا احمد رضا نے حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ نقابت کے فرائض ڈاکٹر محمد گلزار نے ادا کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تمام تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بچوں اور والدین کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آئرلینڈ میں پہلی دفعہ منہاج اسکول آف اسلامک سائنسز کے عنوان سے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے اسلامی کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں اسلام فور کڈز کے نام سے کورس شروع کیا جا رہا ہے۔

یہ کورس سات کتب پر مشتمل ہے یہ ایک نہایت ہی خوبصورت اسلامی تعلیمی نصاب ہے جو ہمارے بچوں کی ابتدائی بنیادی ضروریات کو پورا کرتا ہے ۔جبکہ اس تمام پروجیکٹ اور اس تمام انتظامی امور کے انچارج نعیم اقبال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر اتوار کی صبح دس سے ایک بجے تک کلاسیز ہونگیں پہلا ایک گھنٹہ بچوں کی اسلامی تعلیم و تربیت جبکہ دوسرا گھنٹہ بچوں کےلیے بھرپور اور صحت مند سپورٹس ایکٹیویٹی کا ہوگا ،اس کے علاوہ بچوں کے لیے بہت ساری ایکٹیویٹی بھی ہوگی جن میں سمر کیمپ ،اسلامی خطاطی،اسلامی ہسٹری ،ذہنی آزمائش کے مقابلے وغیرہ وغیرہ شامل ہیں ۔

منہاج القرآن آئرلینڈ کے صدر وسیم بٹ نے ان کلاسیز شروع کرنے کی اہمیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی سر بلندی اور ترقی کا زیادہ انحصار ان کے تعلیمی و شعوری تناسب پر ہوتا ہے اگر ہم بچوں کی پرورش کی بات کرے تو یہ والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پرورش پر اس کی ساری زندگی کی اچھائی اور برائی کا دارومدار ہے پرورش کی ذمہ داری کا صرف یہ مطلب نہیں کہ ماں باپ بچوں کی جسمانی پرورش و نمو کا سامان میسر کریں بلکہ ان کی جسمانی نشوونما کے ساتھ ساتھ ان کے ذہین ،اخلاق و کردار اور تعلیم و تربیت کا بھی مناسب بندوبست کریں۔

اس سلسلے میں تحریک منہاج القرآن دور حاضر کی ایک ایسی دینی انقلابی تحریک ہے جس کے دعوتی وتبلیغی ،اخلاقی و روحانی ،فکری و اجتہادی اور تحریکی وتنظیمی پروگرامز نے ناصرف اہل ایمان کے نظریات،اصلاح احوال امت اور غلبہ دین حق کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور بالخصوص اس دیار غیر میں ہماری پروان چڑھنے والی نسلوں کے ایمان،اخلاق و کردار،قرآن اور صاحب قرآن سے ٹوٹے ہوئے رشتے کو پھر سے مضبوط اور مستحکم کرنے اور نوجوان نسل کے عقائد کی حفاظت کے لئے قابل فخر خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔

آخر میں رانا احتشام اور نعیم اقبال نے تلاوت کرنے والے بچے عیسیٰ نعیم اور نعت رسول مقبولؐ پڑھنے والے احمدرضا میں انعامات تقسیم کیے جبکہ دیگر بچوں میں ظہیر عباس نے فوڈ پیکٹ تقسیم کیے ،اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا سٹال بھی لگایا گیا اور مہمانوں کی تواضع گریل اینڈ چیل کے بہترین کھانوں سے کی گئی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!