اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فورم ممتاز خان یوسفزئی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "آج کا دِن اُس عظیم دِن کی یاد دلاتا ہے جب جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیریں کاٹنے اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کا پر عزم فیصلہ کیا تھا، آج کے دِن اقبال پارک لاہور میں 1940کو آل انڈیا مسلم لیگ کے تاریخی جلسہ میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے تاریخ ساز قرار داد منظور کی تھی جو بعد میں قرار داد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اِس قراراداد نے منزل کو حاصل کرنے کا راستہ اور شعور دیا اور صرف 7 سال کے قلیل عرصے میں پاکستان وجود میں آگیا، ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے ”اتحاد، ایمان اور تنظیم“ اور علامہ اقبال کے تصور پاکستان کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، پاکستان کا قیام جہاں جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور مسلمانوں کی علیحدہ تشخص کی ضمانت تھا، وہاں ان لوگوں کیلئے امید کی کرن تھی جنہیں متحدہ ہندوستان میں مذہبی آزادی و ترقی کے مساوی مواقعوں سے محروم رکھا گیا اور ان کے تہذیبی تشخص کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔
ممتاز خان یوسفزئی نے کہا کہ آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے برطانوی ہند کے مسلمانوں کو متحد کیا اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کی، اس جدوجہد کے نتیجہ میں 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر پاکستان معرض وجود میں آیا، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے حکومت، فوج، سلامتی کے اداروں اور عوام نے قربانیاں دیں وہاں اقتصادی خوشحالی اور ترقی کے لیے حکومت نے پوری یک سوئی کے ساتھ پیش رفت کی ہے۔
آج بطور قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک ایسا سماج تشکیل دیں جس میں رنگ و نسل یا مذہب و فرقے کی بنیاد پرکسی کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے، ممتاز خان یوسفزئی نے پاکستانی عوامپر زور دیا کہ ہم نے مل کر پاکستان کو ایسی فلاحی جدید ریاست بنانا ہے جس میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور پاکستان ہر لحاظ سے ترقی کرے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کو ہمیشہ کے لئے سلامت رکھے اور اسے ایک عظیم ترقی یافتہ اسلامی فلاحی مملکت بنادے۔