سکیورٹی خدشات ، آسٹریلیا نے پاکستان سے پہلی براہ راست پرواز روک دی

0

سڈنی (نمائندہ خصوصی) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی آسٹریلیا کے لیے پہلی براہ راست پرواز سیکیورٹی وجوہات کے باعث آسٹریلوی حکام نے روک دی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق آسٹریلوی وزارت داخلہ نے لاہور اور کراچی ایئر پورٹ پر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے تک پاکستان سے فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی آئی اے کی پہلی براہ راست پرواز آسٹریلوی سول ایوی ایشن کی اجازت سے 22 اپریل کو لاہور سے سڈنی روانہ ہونی تھی تاہم آخری وقت پر آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کی سکیورٹی صورتحال کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق آسٹریلوی حکام سے مکمل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان کے دفتر خارجہ اور سفارتخانے کو بھی استعمال میں لایا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ’آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے پی آئی اے کو پرواز موخر کرنے کی ہدایات موصول ہو گئی ہیں جس کے بعد پی آئی اے کی براہ راست ابتدائی 2 پروازیں موخر کر دی گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ آسٹریلوی حکام نے یہ فیصلہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کیا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی سول ایوی ایشن نے پاکستان سے براہ راست پروازوں کی اجازت 3 مارچ کو دی تھی ابتدائی طور پر پی آئی اے ہفتے ایک پرواز لاہور سے سڈنی کے لیے چلائے گی جو بتدریج ہفتہ وار 2 تک بڑھائی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!