جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے میں بھی کافی مدد ملی، نوید قمر

0

برسلز(نمائندہ خصوصی)پاکستان کے وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان اور یورپ کی باہمی تجارت میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی اس کے ذریعے پاکستان کی معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے میں بھی کافی مدد ملی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپین یونین کے 4 ممالک کے دورے کے پہلے روز یورپین پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

نوید قمر نے بتایا کہ ان کی یورپین پارلیمنٹ کے مختلف ممبران، یورپین کمیشن کے زرعی شعبے کے ڈائریکٹر جنرل کے علاوہ برسلز کی ریجنل حکومت میں یورپین افیئرز کے سیکریٹری آف اسٹیٹ سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان تمام ملاقاتوں کا مقصد پاکستان کے مختلف شعبوں میں باہمی ترقی میں اضافے کا جائزہ لینا تھا۔

وزیر تجارت سید نوید قمر نے مزید بتایا کہ پاکستان پہلی جی ایس پی پلس کے خاتمے کے بعد اسی طرح کی نئی اسکیم میں داخلے کا خواہشمند بھی ہے تاکہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کی ترقی اور ملک کے عوام کے ایک بڑے حصے کی غربت کو ختم کرنے میں مدد مل سکے کیونکہ آخری فیصلہ یورپین پارلیمنٹ کرتی ہے، اس لیے میں یہاں آیا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ برسلز کے بعد وہ نیدرلینڈز، فرانس اور جرمنی بھی جائیں گے۔ ان تمام دوروں کا مقصد پاکستان اور یورپ کے درمیان زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر، خصوصی طور پر پانی کے کم ہوتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کی تلاش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ آج کی ملاقات میں انہیں یہی تاثر ملا کہ چیزیں درست سمت میں ہی جارہی ہیں۔ان تمام ملاقاتوں میں وفاقی وزیر تجارت کے علاوہ یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اور ان کی ٹیم بھی معاونت کے لیے موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!