بیس سال پہلے پاکستان سے برطانیہ آکر محنت کی، اللہ تعالیٰ نے اس کا ثمر دیا
بری کی تمام کمیونٹیز کی بلاتفریق خدمت کرنےکی بھرپور کوشش کروں گی،شاہینہ ہارون
بری (تارکین وطن نیوز) گریٹر مانچسٹر کے ٹائون بری کی لیبرکونسلر شاہینہ ہارون میئر منتخب ہوگئیں، شاہینہ ہارون پہلی پاکستان نژاد خاتون ہیں جو میئر کے عہدے پرمنتخب ہوئی ہیں۔گزشتہ روز بری کونسل کے خصوصی اجلاس میں کونسلرشاہینہ ہارون کو ایک سال کیلئے میئرآف بری منتخب کیاگیا وہ کونسل کی ریڈویلز سےمسلسل تیسری مرتبہ کامیاب ہوئی ہیں ان کا آبائی ضلع بھمبر کے علاقے ٹچری سے ہے۔
ان کی صاحبزادی عائشہ عارف بھی ایسٹ وارڈ سے لیبر کے ٹکٹ پربھاری اکثریت سے جیت کر کونسلر منتخب ہوئی ہیں۔ میئر بننے کے بعد مقامی کمیونٹی ہال میں اپنے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہینہ ہارون نے کہا کہ گریٹر مانچسٹرکی پہلی مسلمان پاکستانی خاتون میئر بننے پر اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتی ہوں۔ بری کی تمام کمیونٹیز کی بلاتفریق خدمت کرنےکی بھرپور کوشش کروں گی۔
آج میں فخرمحسوس کررہی ہوں بیس سال پہلے پاکستان سے برطانیہ آکر محنت کی، اللہ تعالیٰ نے اس کا ثمر دیا، پاکستانی خواتین کو برطانوی سیاست میں آنا چاہئے۔ اس موقع پر کونسلر تیمور طارق، کونسلر طاہر رفیق، بیرسٹر امجدملک، لیاقت ملک، راجہ ذوالفقار، رضوان ہاشمی اور دیگرنے خطاب کیا اور شاہینہ ہارون کو میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاہینہ ہارون کی کامیابی پاکستانی خواتین کیلئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔