سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی مقامی سیاست میں سرگرم

0

اپنا ووٹ پارٹیت نیانس کو کاسٹ کرنے کیساتھ پاکستانی کمیونٹی کے امیدوار کا انتخاب بھی ضرور کریں،زبیر حسین

اسٹاک ہوم(نمائندہ خصوصی)برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک کے بعد اب سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بھی مقامی سیاست میں دلچسپی لینے لگی، رواں سال ستمبر میں سویڈن کے عام انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں موجودہ بڑی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ چند نئی سیاسی جماعتیں بھی حصہ لے رہی ہیں جن میں سرفہرست اقلیتوں کی نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعت پارٹیت نیانس ہے۔

پارٹیت نیانس کا منفرد منشور جہاں سویڈن میں دیگر غیر ملکیوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے وہیں پاکستانی کمیونٹی نے بھی اس جماعت کا بھرپور تعاون کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، اس حوالےسے پارٹیت نیانس کے نامزد کردہ پاکستانی نژاد امیدوار زبیر حسین کی جانب سے سویڈن کے بڑے شہروں میں کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جارہا ہے، گزشتہ روز شہرِ اقتدار اسٹاکہوم میں اسی حوالے سے ایک کارنر میٹنگ کا انعقادگرینڈ ہوٹل میں کیا گیا۔

کارنر میٹنگ کے تمام تر انتظامات پاکستانی کمیونٹی کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت سعید شیخ نے کئے ،انہوں نے زبیر حسین کے ساتھ بھرپور تعاون اور پارٹیت نیانس کی حمایت کا اعلان کیا ،میٹنگ میں شہزادہ عثمان طاہر، عامر جنجوعہ، حیدر شاہ بخاری سمیت دیگر نے شرکت کی،کارنر میٹنگ میں انتخابی مہم اور پاکستانی کمیونٹی کو ووٹ کاسٹ کروانے کے حوالے سے معاملات زیرِغور رہے۔

پارٹیت نیانس کے امیدوار زبیر حسین کامیٹنگ کے شرکاء سے کہنا تھا کہ اس وقت ان کی جیت سے زیادہ اہم پارٹیت نیانس کا قومی، صوبائی اور شہری نشستوں تک رسائی حاصل کرنا ہے کیونکہ اسلاموفوبیا کی روک تھام کے حوالے سے قانون سازی جب ہی ممکن ہوسکے گی کہ جب مسلمانوں کا کوئی نمائندہ ایوانوں تک پہنچ کر اقلیتوں کے تحفظات کا اظہار کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ سویڈن میں انتخاباتی طرزِعمل پاکستان سے قدرِمختلف ہے کیونکہ یہاں حلقہ بندیوں کے حساب سے نہیں بلکہ تمام تر ووٹ سیاسی جماعتوں کو کاسٹ کئے جاتےہیں البتہ ووٹر اپنے من پسند نمائندے کو منتخب کرنےکے لئے بیلٹ پیپر پر موجود امیدواران کی لسٹ میں سے ایک کا انتخاب کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو درخواست کی کہ اپنا ووٹ پارٹیت نیانس کو ضرور کاسٹ کریں مگر پاکستانی کمیونٹی کے امیدوار کا انتخاب بھی ضرور کریں تاکہ مستقبل میں اگر ہم اپنی سیاسی جماعت کے پاس پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے بات کریں تو ہمارے مطالبات کو اہمیت دی جائے گی کیونکہ ہم اس بات کو باور کرواسکیں گے کہ پاکستانی کمیونٹی کی اکثریت نے ہماری جماعت کو ووٹ کاسٹ کیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!