سرکاری ٹرین اور بسوں میں کوالالمپور اور پتراجایا کے مضافات میں سفر کی مفت فراہمی دی جائے گی
غیر ملکی محنت کش اور سٹوڈنٹس نے اس سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھانا شروع کر دیا ہے
کوالالمپور(محمد وقارخان)ملائشین گورنمنٹ نے دنیا بھر میں بڑھتی مہنگائی اور عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کی اونچی اڑان کو کنٹرول کرنے کے لئے لیے انوکھا حل نکال لیا۔
ملائشین گورنمنٹ نے ملائشیا بھر کے ملکی اور غیرملکی صارفین کے لیے سرکاری ٹرین اور سرکاری بسوں میں کوالالمپور اور پتراجایا کے مضافات میں سفر کی مفت فراہمی کا اعلان کر دیا، اس سہولت کا اطلاق لگ بھگ ایک مہینہ تک ہوگا، گورنمنٹ کے اس اقدام سے عام شہریوں، غیر ملکی محنت کش اور سٹوڈنٹس نے یکساں طور پر بھر پور فائدہ اٹھانا شروع کر دیا ہے۔
ملائشین وزیراعظم بھی اس مفت سہولت کا اعلان کرنے کے بعد ٹرین سٹیشن جاپہنچے اور عوام کے ساتھ ٹرین کا سفر کیا۔
دوسری طرف ملائشین سرکاری عہدیداران نے اس اقدام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا گو کہ ملائیشیا پیٹرول اور گیس پیدا کرنے والا ملک ہے لیکن پھر بھی ہمیں اپنی ضروریات کے لیے گیس اور پٹرول باہر سے درآمد کرنا پڑتا ہے اور پیٹرول کی دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے کا حل ہم نے یہ نکالا کہ سڑکوں پر پرائیویٹ گاڑیوں کا استعمال کم کرنے کے لیے سرکاری ٹرین اور بس کا سفر ایک مہینہ کے لئے ہر کسی کے لیے فری کر دیا۔
اس سے عوام کو مہنگائی کا مقابلہ کرنے میں مدد بھی ملے گی لیکن ساتھ ہی حکومت کو بیرونی دنیا سے پیٹرول خریدنے میں بھی اضافی اخراجات سے بچت ہوگی، یہ اقدام ہر دو صورت میں ملائیشیا کے مفاد میں ہے، گورنمنٹ کے اس عوام دوست اقدام سے ملائشین عوام یکساں طور پر بہت خوش ہے ۔