سفارتخانہ پاکستان برلن کے زیراہتمام طلبہ،سفارتکاروں اور مقامی جرمن افراد کیلئے آرٹ اور موسیقی کی تقریب
تقریب کا مقصد مہمانان کو پاکستان میں موجود فنون لطیفہ کے روایتی اور فنی پہلو ئوں سے روشناس کرانا تھا
پروفیسر سلیمہ ہاشمی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی
برلن(رپورٹ:مہوش ظفر )سفارتخانہ پاکستان برلن کے زیراہتمام جرمنی میں بسنے والے طلبہ،سفارتکاروں اور مقامی جرمن افراد کے لئے ایک آرٹ اور موسیقی کی تقریب منعقد کی گئی۔ جس کا مقصد مہمانان کو پاکستان میں موجود فنون لطیفہ کے روایتی اور فنی پہلو ئوں سے روشناس کرانا تھا۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے کئی شاندار اور ہنر مند افراد سے نوازا ہے جنہوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لو ہا منوایا ہے۔ پاکستانی سفیر نے اس طرز کی دیگر تقریبات منعقد کرانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی فنون و صلاحیتوں کو روشناسی و پزیرائی مل سکے۔
پروفیسر سلیمہ ہاشمی تقریب کی خصوصی مہمان تھیں جنہوں نے خصوصی طور پر پاکستانی خواتین فنکاروں کے مختلف ادوار میں کئے گئے کام کے ارتقاء اور فن کے بارے میں ماہرانہ تبصرہ کیا۔
سلیمہ ہاشمی کی سیر حاصل گفتگو کے بعد استاد اشرف شریف خان اور ساتھیوں نے شرکا کو اپنی خوبصورت موسیقی سے محظوظ کیا۔ استاد اشرف اور ساتھی یورپ کے طول و ارض میں کامیابی کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور روایتی مشرقی موسیقی کو جدید طرز سے ہم آہنگ کر کے دنیا خصوصاًیورپ میں اپنا نام بنایا۔
تقریب میں شریک مہمانوں نے فنکاروں کے فن کی خوب داد دی اور پاکستان کے رنگ اور سُر وں سے سجی خوبصورت تقریب کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔