دنیا بھر کی طرح سفارتخانہ پاکستان یونان میں یوم آزادی کی پروقار تقریب کا انعقاد

0

ہم کشمیری عوام کی ہر پلیٹ فارم پرسفارتی اوراخلاقی مدد جاری رکھیں گے،قائم مقام سفیر عظیم خان کا تقریب سے خطاب

ایتھنز(انصر اقبال بسرا)دنیا بھر کی طرح یونان میں یوم آزادی کی پروقار تقریب کا سفارتخانہ پاکستان میں انعقاد کیا گیا، تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی ۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا تقریب میں یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی پیغام ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے صفی اللہ جوکھیو اور ویلفیئر اتاشی حیدر سلطان نے پڑھ کر سنائے، قومی ترانہ کی دھن میں سفیر پاکستان نے سبز ہلالی پرچم لہرایا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام سفیر عظیم خان نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے ہم آج کے دن وطن کی خاطر جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،آج کے دن ہم بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی بھرپور مزمت کرتے ہیں اور ہم کشمیری عوام کی ہر پلیٹ فارم پر سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے ۔

جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر مینگو فیسٹیول کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں مختلف اقسام کے آم رکھے گئے تھے ،تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام سفیر عظیم خان کا کہنا تھا کہ میں یونان میں مقیم تمام کمیونٹی اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور سفارتخانہ پاکستان میں ہونے والی خصوصی تقریب میں بھرپور شرکت کرنے پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ یونان میں اپنے ملک کا اچھا تشخص اجاگر کریں ہم سب یہاں اپنے ملک کے سفیر ہیں یونان میں رہ کر ہم کو یونانی قوانین کو فالو کرنا چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!