تقریب کا اہتمام عجمان کے ایک ریسٹورنٹ میں ہوا جس میں امارات بھر سے لیگیوں نے شرکت کی
مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا،مسلم لیگ ہی اس کی حفاظت کرے گی،غلام مصطفیٰ مغل
تقریب میں پاک فوج اور آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات نے امارات کی ریاست عجمان میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس میں امارات بھر سے پی ایم ایل این کے عہدیداروں، ممبران اور کارکنوں نے شرکت کی، یوم آزادی کی اس تقریب کی صدارت پاکستان مسلم لیگ ن، یو اے ای کے صدر غلام مصطفیٰ مغل نے کی۔
تقریب میں پی ایم ایل این، یو اے ای کے چیئرمین محمد غوث قادری، خواجہ عبدالوحید پال، چوہدری عبدالغفار، چودھری شہباز غفار، پی ایم ایل این منارٹی ونگ یو اے ای کےصدر جان قادر، پی ایم ایل این وومن ونگ یو اے ای کی صدر فرزانہ کوثر، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فوزیہ نسیم، حاجی محمد نواز، چودھری محمد صغیر، طارق مغل، رانا محمد نعیم، راجہ ظہیر سملالوی، ملک دوست محمد اعوان، چودھری راشد فاروق، عارف عامر منہاس، ملک شہزاد، محمد شہزاد بٹ، چودھری شاہد بشیر، اویس قریشی اور دیگر بہت سے لیگیوں نے شرکت کی۔
ایونٹ کی میزبانی کے فرائض راجہ ابوبکر آفندی اور راجہ عابد حسین نے باری باری ادا کیے، اس موقع پر مقرّرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اور مسلم لیگ ہی اس کی حفاظت کرے گی۔
بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح نے لاکھوں انسانی قربانیوں کے بعد ہمیں یہ آزاد خطہ ارض آزاد وطن پاکستان کی صورت میں ہمیں دیا،اب ہمارا یہ فرض بنتا ہے کے ہم اس کے چپہ چپہ کی حفاظت کریں اور اس کے کونے کونے کو نکھاریں۔
مقرّرین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف یہ صلاحیت رکھتے ہیں کے وہ پاکستان کے تمام معاملات بطریق احسن چلا سکتے ہیں،مسلم لیگ ن کے سابقہ ادوار حکومت میں محمد نواز شریف نے پاکستان کو ترقی کی را ہ پر گامزن کیا، اب پھر وقت آ رہا ہے جب ہمارے قائد محمد نواز شریف بر سر اقتدار آ کر پاکستان کے موجودہ حالات کو سنبھالا دیں گے اور ملک ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا جس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی اور پاکستان میں خوش حالی آئے گی۔
اس موقع پر تحریک آزادی کے شہدا اور پاک فوج کے شہید جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا،تقریب کےآخر میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی اور مضبوطی کے لیےدعا کی گئی۔