کویت(محمد عرفان شفیق)اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نے سمر کیمپ کے کامیاب اختتام اور جشن آزادی پاکستان کا خوبصورت اور کامیاب پروگرام پیش کرنے پر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے اعزاز میں ساحل سمندر پر کویت کے ایک معروف ہوٹل میں پُر تکلف عشائیہ بھی دیا اور انعامات تقسیم کئے، جس میں صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جاوید اقبال، جنرل سیکرٹری نثار احمد خان اور تعلقات عامہ کے ذمہ دار صدف علی صدف نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی۔
اس پرُمسرت تقریب میں یوتھ ونگ کے صدر نوید پاشا ، نائب صدر عبد الغفار ملک، جنرل سیکرٹری حسن ارشد اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کی میزبانی کے فرائض ذیشان علی نے ادا کئے۔
پروگرام کا آغاز طلحہ رفعت نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ صدر یوتھ ونگ نوید پاشا نے اپنے استقبالی کلمات میں تمام نوجوانوں اور خصوصی طور پر نئے ممبران یوتھ ونگ کو خوش آمدید کہا۔ سمر کیمپ کے انچارج عبد الله شریف، پرنسپل حسن ارشد اور انکی ٹیم کو کامیاب سمر کیمپ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ نوجوان مستقبل کا سرمایہ ہیں اور کسی بھی ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
تعلقات عامہ کے ذمہ دار صدف علی صدف نے یوتھ ونگ کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ہی ہے "نیک بنو اور نیکی پھیلاؤ” انھوں نے یوتھ ونگ کے کامیاب سمر کیمپ اور جشن آزادی پروگرام پر مبارک باد پیش کی۔
صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی جاوید اقبال نے اپنے خطاب میں یوتھ ونگ کے نوجوانوں کو کامیاب سمر کیمپ اور جشن آزادی تقریب پر مبارک باد پیش کی کہ جشن آزادی تقریب کویت کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام پیش کیا گیا، نوجوانوں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ آج کل کے پُر فتن دور میں بھی ایسے نوجوان موجود ہیں جو صرف اور صرف الله کی رضا کی خاطر اپنا وقت بامقصد کاموں کے لئے صرف کرتے ہیں، یوتھ ونگ کی اس کوشش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسے پروگرامات ہماری آئندہ نسلوں کی تربیت کے لئے بہت مفید ثابت ہوں گے اور ان ہی بچوں میں سے کل کو ایسے نوجوان نکلیں گے جو اسلام اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
سمر کیمپ کے اساتذہ کرام فیصل جمیل اور یاسر شاہین کو خوبصورت شیلڈ پیش کی گئیں اور یوتھ ونگ کی پوری ٹیم کو میڈلز سے نوازا گیا۔ پروگرام کا اختتام نثار احمد خان کی دعا سے ہوا جس میں انہوں نے ملک کی ترقی خوشحالی اور حاضرین کے لئے الله رب العزت کے حضور دعا فرمائی۔