پہلا ورکشاپ کراچی میں منعقد کیا گیاجہاں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت
اسٹاک ہوم(زبیر حسین)سویڈن کے سماجی ادارے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ اور پاکستان کی مقامی تنظیموں کے تعاون سے خواتین کی صحتِ عامہ اور پیشہ وارانہ زندگی کو بہتر بنانے کے لئے مستقل بنیادوں پر پاکستان کے مختلف شہروں میں ورکشاپ منعقد کرنے کاآغاز کردیا گیا۔
اسی سلسلے میں پہلا ورکشاپ کراچی میں منعقد کیا گیاجہاں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی، مقامی خاتون کاروباری و سماجی شخصیت مہرین رضوان نے پروگرام منعقد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔
مصباح امین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کا موجودہ دور میں امورِخانہ داری کے ساتھ گھریلو معیشت میں ہاتھ بٹانے کے اہمیت کے پہلو پر روشنی ڈالی ۔پروگرام میں خواتین ڈاکٹرز ، کاروباری و سماجی شخصیات فاطمہ شیراز، اسما عمران، ڈاکٹر تسنیم کوثر،طوبیٰ حسن خواجہ، رابعہ نثار، ڈاکٹر زیبا انور، صبیحہ شکیل اور وردہ مجیب خان نے بھی شرکاء سے خطاب کیا ۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین کسی میدان میں بھی پیچھے نہیں بس انہیں رہنمائی کی ضرورت ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ ان ورکشاپس کے ساتھ ساتھ ہم ایسے سوشل ایکشن پراجیکٹس بھی لاؤنچ کررہے ہیں جن کی مدد سے خواتین گھر یلو صنعتوں کو دوبارہ سے پروان چڑھا سکیں۔
پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ خواتین ونگ کی ترجمان وردہ مجیب خان نے ادارے کی جانب سے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی۔تقریب کے اختتام پر پراجیکٹ کے بہترین آغاز پر کیک بھی کاٹا گیا۔