سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) حکومت پاکستان کے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود نے عارف محمود کسانہ کو سویڈن میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں کے لئے اپنا اعزازی مشیر مقرر کیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی ٹیکس محتسب سیکریٹیریٹ کے ڈائریکٹر جنرل نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ آنریری ایڈوائزر کی حیثیت سے سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کے ایف بی آر، انکم ٹیکس اور کسٹمز کے محکموں میں مسائل حل کروانے کی کوشش کریں گے۔
وہ وفاقی ٹیکس محتسب (FTO) کے کام، طریقہ کار اور کارکردگی سے اورسیز پاکستانیوں کو آگاہ کریں گے۔ سویڈن اور پاکستان کے مابین تجارت کے فروغ اور کاروباری برادری کے لئے باہمی رابطے اور پل کا کردار ادا کریں گے۔
وفاقی ٹیکس محتسب کے اعزازی مشیر کی حیثیت سے وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اہنی سفارت بھی ارسال کریں گے۔ اپنی تقرری پر عارف محمود کسانہ نے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یہ اعزاز بخشا۔
انہوں نے کہا کہ وہ سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کروانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ قبل ازیں عارف کسانہ اورسیز پاکستانیز کی ایڈوائزری کونسل کے سویڈن سے رکن رہے ہیں اور ان کی پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے خدمات کے اعتراف میں صدر پاکستان سے میڈل آف ایکسیلنس حاصل کرچکے ہیں۔