سویڈن میں مہنگائی کا جن بے قابو،اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ

لیفٹ پارٹی کی سربراہ نوشی دادگوستار کا قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے قانون سازی کا مطالبہ

افراطِ زر پر قابو پا لینے کے باوجود بھی قیمتیں پرانی سطح پر نہیں لائی جاسکتیں،ماہرین

سٹاک ہوم (رپورٹ:زبیر حسین) سویڈن میں مہنگائی کا جن بے قابو،اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ، لیفٹ پارٹی کی سربراہ کا کہنا ہے کہ حکومت قیمتوں کا تعین کرنے والی تین بڑی کمپنیوں سے مذاکرات کرکے افراطِ زر پر قابو پائے یا پھر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے، وزیراعظم سویڈن مشورے سے انکاری۔

تفصیلات کے مطابق سویڈن میں ضروریاتِ زندگی خصوصاً کھانے پینے کی اشیاء عوام کی دسترس سے دور ہوتی جارہی ہیں، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں۔

لیفٹ پارٹی کی سربراہ نوشی دادگوستار نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں غذائی اشیاء کی قیمتوں کا تعین کرنے والی کمپنیوں سے مذاکرات کئے جائیں، اگر معاملات نہ سنبھلیں تو حکومت مہنگائی کی روک تھام کے لئے قانون سازی کرے۔

سویڈن کے وزیرِ اعظم اولف کرسترسن نے مذکورہ مطالبات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ممکن نہیں کہ افراطِ زر کو قابو کرنے کے لئے قانون سازی کی جائےاگر یہ اتنا ہی آسان ہوتا تو یورپ کے دیگر ممالک اس پر قانون سازی کرچکے ہوتے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر افراطِ زر پر قابو پا بھی لیاجائے تب بھی قیمتیں پرانی سطح پر نہیں لائی جاسکتیں۔

دوسری جانب عوام منتظر ہے کہ ماہ اپریل میں تنخواہوں اور حکومتی امدادی رقوم میں اضافہ ہو تاکہ مہنگائی سے مقابلہ کیا جاسکے۔رواں ماہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کا یہ عالم رہا ہے کہ ٹماٹر تک خریدنا عوام کی قوتِ خرید سے باہر ہوگیا ہے۔

ٹماٹر کی موجودہ قیمت 74 کرونا ہے جو کہ پاکستانی 1900 روپے فی کلو کے برابر ہے۔

Inflation in Sweden
Comments (0)
Add Comment