سکیورٹی کی صورتحال پر نظر ہے،پاکستان آئینی نظام برقرار رکھے، یورپی یونین

برسلز (نمائندہ خصوصی)یورپین یونین نے پاکستان میں آئینی نظام( Constitutional order) برقرار رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ یورپین یونین کی جانب سے یہ بیان یورپین خارجہ و سیکورٹی امور کی ترجمان نبیلا مصرالی نے ایک سوال کے جواب میں دیا۔

یورپین کمیشن کی جانب سے منعقد ہونے والی مڈ ڈے پریس کانفرنس میں پاکستان کے اندر بگڑتی ہوئی سیاسی صورتحال اور سابق وزیراعظم عمران خان کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ’’ ہم توقع کرتے ہیں کہ پاکستان اپنے آئینی نظام کو برقرار اور ملک میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کرے گا‘‘ ۔

ترجمان نے مزید کہا کہ EU پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس کے ساتھ ہی خاص طور پر پاکستان بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے پیش نظر ہم سلامتی کی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔

نبیلا مصرالی نے کہا کہ مجموعی طور پر ہم جو کہہ سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دے رہی ہے۔ 2022میں ہمارے دوطرفہ تعلقات کی 60ویں سالگرہ تھی تاہم ترجمان نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے متعلق تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

EU pakNabila Misraliنبیلا مصرالی
Comments (0)
Add Comment