رائے منظور ناصر کی کتاب ’’سیرت النبیؐ‘‘ کو پڑھیں،یاد کریں اور جیتیں 50 لاکھ روپے کے انعامات

برسلز(نمائندہ خصوصی) حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و کردار اور اسلام کی بنیادی تعلیمات سے نئی نسل اور عام مسلمانوں کو روشناس کرانے کیلئے لکھی جانے والی نئی کتاب کے مصنف نے پڑھنے والوں کیلئے اس کی مفت فراہمی کے علاوہ 50لاکھ روپےکے انعامات کا بھی اعلان کیا ہے۔

491 صفحات پر مشتمل’ سیرت النبی صلی اللہ علیہ ‘ کے عنوان سے یہ کتاب خاتم النبیین یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور حکومت پنجاب کے اعلیٰ سرکاری عہدیدار رائے منظور ناصر نے تحریر کی ہے۔ اس کتاب میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش سے لیکر آپ کی وفات تک کے تاریخی واقعات انتہائی سادہ انداز میں بیان کیے گئے ہیں۔

مصنف کے مطابق اس کتاب کو مسلکی نقطہ نظر سے پاک رکھتے ہوئے اسے صرف اسلامی نقطہ نظر سے پیش کیا گیا ہے۔کسی بھی کتاب کے ٹائٹل پر انعام کا اشتہار ایک غیر معمولی روایت ہے۔

لیکن ’لالچ برائے ثواب‘ کا راستہ اختیار کرنے کی جو وجہ مصنف نے بیان کی ہے اس کے مطابق آج کے سماجی بگاڑ کی اہم ترین وجہ حضور کی سیرت اور اسلام کی بنیادی تعلیمات سے آگاہی نہ ہونا ہے۔

جبکہ دوسری جانب جب ان تعلیمات کو مذہب کی بجائے مسلک کے پلیٹ فارم سے پیش کیا جاتا ہے تو اس پر اسلام کی بنیادی تعلیمات کی بجائے ’اسلامی معلومات‘ کا گمان ہوتا ہے،جس کے باعث نوجوانوں کی اکثریت کیلئے یہ قابل عمل اور قابل تقلید نہیں رہتیں۔ اسی لیے وہ اس کی جانب متوجہ بھی نہیں ہوتے۔

کتاب کے مصنف رائے منظور ناصر کے مطابق حکومت پنجاب کے ایک ووکیشنل تعلیم کے ادارے کے سربراہ کے طور پر حاصل تجربے نے انہیں یہ راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اس ادارے کے سربراہ کے طور پر سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر 5لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ ایک کوئز مقابلے کا انعقاد کرایا تو اس کے ذریعے پنجاب بھر سے 4 لاکھ کے قریب طلبہ، اساتذہ اور ان کے والدین اس عمل کا حصہ بنے ۔

اس لیے معاشرے کو دوبارہ سے حضور کے کردار اور اسلام کی بنیادی لیکن سادہ ترین تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے انہوں نے یہ طریقہ اختیار کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس مقصد کیلئے کسی سے بھی کوئی رقم وصول نہیں کی جاتی بلکہ ذاتی وسائل سے اس مقصد کیلئے خرچ کا مقصد صرف اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی اور معاشرے کی فلاح ہے۔

50 لاکھ روپےرائے منظور ناصر کی کتابسیرت النبیؐ
Comments (0)
Add Comment