متعدد فلائٹس اور بحری جہاز کے سفر ملتوی، اسٹاک ہوم میں لینڈ ہونے والی فلائٹ کا رخ اوسلو کی طرف موڑ دیا گیا
اسٹاک ہوم(رپورٹ:زبیرحسین)سویڈن میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں، ناروے کے محکمہ موسمیات نے خراب موسم کو ’ہانس طوفان‘ کا نام دے دیا، متعدد فلائٹس اور بحری جہاز کے سفر ملتوی، اسٹاک ہوم میں لینڈ ہونے والی فلائٹ کا رخ اوسلو کی طرف موڑ دیا گیا، کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل،مزید بارشوں کا امکان۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام طوفان ہانس سویڈن میں داخل ہوا رات بھر ہونے والی طوفانی بارش اور گرج چمک کے باعث نا صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی بلکہ متعدد فلائٹس اور بحری جہاز کے سفر ملتوی ہوگئے۔
سویڈن کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں زیادو سے زیادہ 66 ملی میٹر بار ش ریکارڈ کی گئی جو کہ عام طور پر پورے مہینے میں ہونے والی بارش کے برابر ہے جبکہ کم وقت میں 25 ہزار سے زائد بار بجلی چمکنے کا ریکارڈ قائم ہوا۔
شدید بارشوں کا یہ سلسلہ منگل کی شام تک جاری رہے گا، خدشہ ہے کہ نشیبی علاقے زیرِآب آسکتےہیں ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے ٹریفک میں احتیاط برتنے اور غیر ضروری گھروں سے نا نکلنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں۔