برسلز(نمائندہ خصوصی) سفارتخانہ پاکستان برسلز کے زیر اہتمام یوم پاکستان فوڈ فیسٹیول اور رمضان بازار کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں مقامی بلجین اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ فیسٹیول کا افتتاح یورپین یونین، بلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے کیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے کہا کہ اس تقریب میں ہم نے نہ صرف یہاں پاکستان کے ملبوسات، خوراک اور دیگر مصنوعات کے ذریعے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا ہے بلکہ مہندی لگانے کے اسٹال کے ذریعے اپنے خطے میں قدرتی اشیاء کے ساتھ نسوانی حسن کو چار چاند لگانے کی ثقافت کو بھی نمایاں کیا ہے جس میں مقامی کمیونٹی نے انتہائی دلچسپی لی ہے۔
اس کے ساتھ ہی اس ایونٹ نے پاکستانی کمیونٹی کو بھی ایک دوسرے سے ملنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اس فیسٹیول میں جہاں پاکستان کے کاروباری اداروں نے اپنے سٹال لگائے وہیں مختلف افراد نے مکئی کی روٹی ساگ، سموسے، پکوڑے اور پاکستان کی روائتی خوراک بھی پیش کی جب کہ کشمیر کونسل ای یو نے اپنے چیئرمین علی رضاسید کی قیادت میں کشمیری خوراک اور کشمیر ی دستکاری کے ذریعے اپنا کلچر نمایاں کیا۔
بعد ازاں سفیر پاکستان نے اس فیسٹیول میں شرکت کرنے والے تمام اداروں میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ اس موقع پر سفارت خانے کے تمام افسران اور اسٹاف نے آنے والے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا جب کہ شرکت کرنے والے بچوں کو غبارے پیش کئے گئے۔
فیسٹیول میں پاکستان کے خوبصورت مقامات، اس کے مشاہیر اور مختلف سماجی رنگوں پر مشتمل تصویری نمائش بھی پیش کی گئی۔