لندن (محمد فیاض بشیر) پاکستان پریس کلب برطانیہ کے سالانہ انتخابات کا انعقاد حسب روایت پاکستانی کمیونٹی سنٹر لندن میں کیاگیا ۔ برطانیہ بھر سے صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔
ان انتخابات میں چیف الیکشن کمشنر کے فرائض سابق صدر یوکے چیمبر آف کامرس ناہید رندھوا نے سر انجام دئیے جبکہ انکی معاونت کرنے والوں میں بیرسٹر ذیشان ثاقب میاں، جاوید شیخ اور دیگر شامل تھے۔جبکہ لیبر پارٹی ایسٹ کونسل لندن کے ڈپٹی لیڈر چوہدری شوکت، چوہدری لیاقت، چوہدری دلپزیر، پاکستان پریس کلب برطانیہ کی بنیاد ممتاز صحافی مبین چوہدری اور دیگر ان کے قریبی ساتھیوں نے برطانیہ کے صحافیوں کے مسائل دیکھتے ہوئے رکھی تھی۔
مبین چوہدری مرحوم کا گزشتہ برس انتقال ہوگیا تھا وہ عارضی دنیا چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے تھے امسال کے عام انتخابات اس لہٰذا سے جذباتی اور ماحول کو افسردہ کرنے والے تھے چونکہ بانی قائد چوہدری مبین اب زندہ نہیں ہیں ۔
ارشد رچیال بلا مقابلہ صدر ،سینئر نائب صدر مرزا آفتاب بیگ ، نائب صدور کے لیے اسرار احمد راجہ ، ساجد یوسف ،جنرل سیکرٹری مسرت اقبال راجہ ،جوائنٹ سیکرٹری شکیل انجم راجپوت ، سیکرٹری مالیات ساجد عزیز، سیکرٹری اطلاعات نادیہ راجہ جبکہ مجلس عاملہ کے لیے اظہر محمود راجہ ، عدیل خان ، عمران راجہ ،عتیق الرحمٰن ، سیدہ کوثر ، امجد فاروق اور سید فیاض شاہ کامیاب قرار پائے۔
سابق صدر شیراز خان نے کہا کہ ہم نے پاکستان پریس کلب برطانیہ کے عام انتخابات منعقد کروا کر ثابت کیا ہے کہ حالات جتنے بھی مشکل ہوں اپنی روایت کو برقرار رکھیں گے انکا مزید کہنا تھا کہ آج ہمارے لیے تکلیف دہ دن ہے کہ ہمارے محسن اور کلب کے بانی مبین چوہدری ہم میں موجود نہیں ہیں انکا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ برطانیہ میں صحافت کرنے والے ساتھیوں کی مشکلات اور مسائل کو حل کروانے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ، نظامت کے فرائض سبکدوش ہونے والے جنرل سیکرٹری زاہد نور نے انجام دئے نو منتخب صدر ارشد رچیال نے کہا کہ پہلے بھی پاکستان پریس کلب برطانیہ کی بحیثیت صدر اور جنرل سیکرٹری خدمت کرنے کا موقع ملا لیکن اس بار ہمارے محسن مبین چوہدری بھائی ہم میں موجود نہیں ہیں میری دوہری ذمہ داری ہے کہ پریس کلب کی بہتری اور اپنے صحافی بھائیوں کے مسائل اور مشکلات حل کرنے میں ہر ممکن کوشش کریں گے ۔
لوٹن کونسل کے مئیر محمد یعقوب حنیف،اظہر جاوید ،ظہور نیازی سابق ریذیڈنٹ ایڈیٹر جنگ لندن ، چوہدری دلپذیر ، چوہدری شوکت علی ،چویدری لیاقت علی سابق مئیر والتھم سٹو مئیر کیتھلی گلفراز حسین ، سابق مئیر چوہدری منیر احمد سابق مئیر ایلنگ،پاکستان ہا ئی کمیشن کے نمائندہ علی نواز،عرفان قاضی اور قومی اسمبلی پاکستان کی رکن صبا صادق نے بھی خصوصی شرکت کر کے تقریب کی رونق کو مذید دوبالا کیا۔
صبا صادق نے برطانیہ میں بسنے والی کمیونٹی اور صحافیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ممالک میں شعبہ صحافت سے منسلک افراد پاکستان کا اثاثہ ہیں اور برطانیہ میں مادر وطن کے بلا معاوضہ سفیر ہیں جنکے مسائل کو حل کروانے میں اپنا کردار ادا کروں گی۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ تارکینِ وطن میں بسنے والے شعبہ صحافت سے وابستہ افراد پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان کی مثبت تصویر کشی اور تشخص بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔