پیرس(ویب ڈیسک)فرانس کا ایک شہری 13 ممالک سے گزرتا ہوا، طویل سفر پیدل طے کرکے عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا۔
سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فرانسیسی شہری جس کا نام محمد بولابیار ہے، دل میں عمرے کی ادائیگی کا عزم لیے فرانس کے شہر پیرس سے پیدل روانہ ہوا اور 8 ہزار کلو میٹر کا پیدل سفر کر کے مدینہ منورہ پہنچا ہے۔، اب وہ مکہ جائے گا جہاں عمرے کی ادائیگی کا شرف حاصل کرے گا۔
محمد بولابیار نے سعودی میڈیا کو بتایا کہ مجھے سڑک پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا لیکن سب سے بڑا چیلنج موسم تھا۔انہوں نے بتایا کہ میں فرانس سے گرمیوں میں روانہ ہوا تھا پھر راستے میں موسم خزاں اور سرما بھی دیکھا صرف اتنا ہی نہیں میں نے برفانی طوفان کا بھی سامنا کیا۔
محمد بولابیار نے مزید بتایا کہ یونانی سرحد پر برفانی طوفان نے میرے سفر میں ایک ہفتہ تاخیر کی۔اُنہوں نے بتایا کہ میں تقریباً 40 ڈگری سینٹی گریڈ میں بھی سفر کیا لیکن شکر ہے کہ سفر آسانی سے طے ہوگیا اور میں مدینہ پہنچ کر بہت خوش ہوں۔
محمد بولابیار نے خیلیجی ممالک کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ لوگوں نے میرا خوش دلی سے استقبال کیا اور مجھے کھانے پینے کی پیشکش بھی کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں اس سفر کے لیے دو سال قبل جسمانی اور ذہنی طور پر خود کو تیار کرنا شروع کیا تھا اور گزشتہ سال 27 اگست کو ایفل ٹاور سے اپنا سفر شروع کیا تھا جس کے بعد سوئٹزرلینڈ، اٹلی، سلووینیا، کروشیا، بوسنیا، مونٹی نیگرو، البانیہ، مقدونیہ، یونان، ترکی اور اردن سے ہوتا ہوا سعودی عرب پہنچا ہوں۔
محمد بولابیار نے بتایا کہ اس سفر کے دوران میں خیمے میں سوتا تھا اور کبھی کبھی مسجدوں میں بھی راتیں گزارتا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ میرے بچپن کا خواب تھا کہ میں نبی کریم ﷺ اور ان کے صحابہ کی تقلید میں پیدل سفر کرکے مکہ مکرمہ جاؤں۔