مانچسٹر(تارکین وطن نیوز)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز سے لاپتہ ہونے والا بیگ برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیا جس میں 42 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی موجود تھا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مسافر نائب خان 28 جنوری کو مانچسٹر سے اتحاد ایئر ویز کی پرواز سے اسلام آباد پہنچے تھے، جہاز سے اترنے کے دوران طیارے کے کیبن سے ان کے دستی سامان میں شامل ایک بیگ لاپتہ ہو گیا تھا۔ترجمان کے مطابق مسافر کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شکایتی سیل کو آگاہ کیا گیا، جس پر اسلام آباد ایئر پورٹ کی ٹیم نے آئی پی ایم عدنان کی قیادت میں کام شروع کیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ایئر پورٹ کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اسی پرواز کے ایک اور مسافر رب نواز کی نشاندہی کی جنہیں لاپتہ بیگ لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔سول ایوی ایشن کے عملے نے اس مسافر کا ڈیٹا حاصل کیا، جس سے مسافر کے فراہم کردہ نمبر کا سراغ لگایا اور رابطہ کر کے انہیں ایئر پورٹ بلوایا۔
ترجمان کے مطابق حالات و واقعات سے ظاہر ہوا کہ مسافر رب نواز دوسرے مسافر نائب خان کا دستی بیگ غلطی سے لے گئے تھے۔کمپلینٹ سیل اور متاثرہ مسافر نے اسے متفقہ طور پر مسافر رب نواز کی غیر مجرمانہ حرکت قرار دیا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اترنے کے 13 دن بعد قیمتی بیگ اصل مالک نائب خان کے حوالے کر دیا گیا۔نائب خان نے آئی آئی اے پی کے عہدے داروں کی محنت اور لگن کی بے حد تعریف کی ہے اور دوسرے مسافر کے خلاف کوئی الزام نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بارے میں ان کے خیال میں یہ صرف ایک معصوم غلطی تھی۔