سویڈن کے ایوانوں میں بھرپور ترجمانی کیلئے پاکستانی کمیونٹی زبیر حسین کی انتخابی مہم کو کامیاب بنائے،میکائیل یوکسیل
ہمیں اپنے مسائل کا مستقل حل تلاش کرنے کیلئے پارٹیت نیانس کو کامیاب بنانے کی اشد ضرورت ہے،زبیر حسین
پارٹیت نیانس کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کیلئے سویڈن کے شہر مالمو میں الیکشن آفس کا افتتاح
مالمو (نمائندہ خصوصی) سویڈن میں رواں برس ستمبر میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں، سویڈن میں بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک اور اقلیتوں کے مسائل میں متواتر اضافے کے سبب پاکستانی کمیونٹی بھی مقامی سیاست میں سرگرم ہورہی ہے۔
سویڈن میں تیزی سے مقبول ہونے والی اقلیتوں کی نمائندہ سیاسی جماعت پارٹیت نیانس کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کےلئے گزشتہ روز سویڈن کے شہر مالمو میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
الیکشن آفس کا افتتاح پارٹیت نیانس کے سربراہ میکائیل یوکسیل نے کیا۔ الیکشن آفس کا قیام پاکستانی نژاد امیدوار زبیر حسین کی انتخابی مہم اور کمیونٹی کو انتخابی معلومات مہیا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔الیکشن آفس کے افتتاح کے موقعے پر شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے میکائیل یوکسیل نے کہا کہ مالمو شہر سے پارلیمنٹ کی نشست پر کامیاب ہونے کے لیے فقط 23 ہزار ووٹ درکار ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے درخواست کی کہ اپنے حلقہ احباب تک اس پیغام کو پہنچائیں اور اقلیتوں کی نمائندگی کےلیے اپنے حصے کی جدوجہد کا آغاز کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی زبیر حسین کی انتخابی مہم کو کامیاب بنائے تاکہ سویڈن کے ایوانوں میں پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور ترجمانی ہوسکے۔شرکاء سے بات کرتے ہوئے زبیر حسین کا کہنا تھا کہ ہم فقط ہار جیت کی سیاست نہیں بلکہ ایک ایسے مقصد کے لیے کاوشیں کررہے ہیں جس کے لئے اقلیتوں اور خصوصاً مسلمانوں کی نمائندگی ایوانوں میں ضروری ہے۔
زبیرحسین کا کہنا تھا کہ رواں انتخابات سے قبل پارٹیت نیانس کی صورت میں اقلیتوں کے اتحاد کی وجہ سےسویڈن کی سیاست میں اقلیتوں کو اہمیت دینے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ،یہ تمام تر سیاسی ہتھکنڈے عارضی ہیں، زبیر کا مزید کہنا تھا کہ سویڈن میں آنے والے دس سال اقلیتوں کے لیے انتہائی مشکل ثابت ہوسکتے ہیں جس کا آغاز ابھی سے ہی ہوگیا ہے۔
حکمران سیاسی جماعت جو کہ اقلیتوں کی حمایت کا دعویٰ کرتی ہے ان کی جانب سے اسلامی اسکولوں کو بند کیا جارہا ہے، اقلیتوں کی نام نہاد حامی ایک اور سیاسی جماعت کی جانب سے بچوں کی ختنہ پر پابندی کے اطلاق کا مطالبہ کیا جارہا ہے، اس لئے ہمیں اپنے مسائل کا مستقل حل تلاش کرنے کے لیے پارٹیت نیانس کو ووٹ دے کر کامیاب بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
کمیونٹی ممبران کی جانب سے پارٹیت نیانس کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا اور یہ پیغام دیگر حلقہ احباب تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کے یومِ آزادی کے حوالے سے میکائیل یوکسیل نے خصوصی پیغام ریکارڈ کروایا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔