پاکستانی سفارتخانہ سوئٹزرلینڈ میں 75 ویں یوم آزادی پرپروقارتقریب کا انعقاد

برن(نمائندہ خصوصی)سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی باوقار تقریب صبح 11 بجے منعقدہوئی جس میں کثیر تعداد میں پاکستانی فیملیز نے شرکت کرکے قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کاباقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا قومی ترانہ کی گونج میں سفیر پاکستان عامر شوکت نے پرچم کشائی کی، اس موقعہ پر وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر پاکستان عارف علوی کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

سفیر پاکستان عامر شوکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا دن پاکستانی عوام کے لیے ایک تاریخی دن ہے، بے پناہ قربانیوں کے بعد قائد اعظم کی سربراہی میں پیارا وطن حاصل ہوا ،ہمارے بزرگوں نے آزادی کی خاطر اور ہمیں ایک آزاد فضا میں سانس لینے کی خاطر بے انتہا قربانی اور جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

14 اگست کا دن عملی طور پر پاکستان کی مضبوطی و استحکام کے لیے تجدید عہد کا دن ہے،اب آپ کا کام ہے کہ یوم آزادی کے اغراض و مقاصد کی تکمیل اور قائداعظم اور دیگر رہنمائوں کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک قوم بنیں۔

اس وطن عظیم کو سنوارنا اور اسکی ترقی و خوشحالی ہمارا فرض ہے، انھوں نے مزید کہا کہ سفارت خانہ بلا تفریق ہر پاکستانی کی خدمت کررہا ہے، آپ دیار غیر میں اپنے کردار اور عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں ۔

تقریب کے بعد سفیر پاکستان اور ان کی اہلیہ مہمانوں میں گھل مل گئے ،شام کو مقامی ریسٹورنٹ میں جشن کا اہتمام کیا گیا ،مہمانوں کی خاطر تواضع پاکستانی لذیز کھانوں سے کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment