دیار غیر میں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ پاکستانیوں کا دوسرا پاکستان اور گھر ہے

0

یہاں پاکستانیوں کووطن سے دور پردیس کا احساس نہیں ہوتا،چودھری خالد حسین

پاکستان کے تمام سرکاری اور مذہبی تہوار پوری شان و شوکت سے منائے جاتے ہیں

سوشل سائنٹسٹ (سماجی سائنسدان) عبدالشکور مرزا نے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کا مطالعاتی دورہ کیا

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان سے متحدہ عرب امارات آئے سوشل سائنٹسٹ (سماجی سائنسدان) عبدالشکور مرزا نے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کا دورہ کیا اور یہاں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین اور جنرل سیکرٹری چودھری افتخار احمد سے ملاقات کی۔

چودھری خالد حسین نے عبدالشکور مرزا کو پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کا مطالعاتی دورہ کروایا اور انہیں مختلف شعبے دکھائےاور عوام الناس کے لئے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی طرف سےفراہم کی جانے والی خدمات کے بارے بتایا۔

چودھری خالد حسین نے کہا کہ دیار غیر میں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ پاکستانیوں کا دوسرا پاکستان اور گھر ہے جہاں پاکستانی اپنے کلچر اور ثقافت کی بھرپور نمائندگی کر سکتےہیں- یہاں پاکستانیوں کووطن سے دور پردیس کا احساس نہیں ہوتا اورپاکستان کے تمام سرکاری اور مذہبی تہوار پوری شان و شوکت سے منائے جاتے ہیں۔

خاص طور پر یوم پاکستان، یوم آزادی، یوم دفاع، یوم علامہ اقبال، یوم قائد اعظم، عید میلاد النبی، استقبال رمضان، ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں لیلتہ القدراور روحانی محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں پاکستانی ذوق و شوق سے شرکت کرتے ہیں۔

چودھری خالد حسین نے مزید بتایا کہ پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں لوگوں کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی تجدید کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ماہ رمضان کے دوران مستحق خاندانوں کو رمضان پیکج دیے جاتے ہیں،نادار اور مستحق لوگوں کی مالی معاونت کی جاتی ہے اور جیلوں میں بند پاکستانی قیدیوں کو رہائی دلا کر ان کے گھر پاکستان بھیجا جاتا ہے اور انہیں زا د راہ کے ساتھ ہوائی ٹکٹ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

عبدالشکور مرزا کی طرف سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں چودھری خالد حسین نے بتایا کہ پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کو کسی قسم کی سرکاری فنڈنگ نہیں ملتی بلکہ یہ ادارہ صاحب ثروت حضرات کے عطیات اور اپنی مدد آپ کے تحت چلتا ہے۔

پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے مختلف شعبوں کا دورہ کرنے کے بعد سوشل سائنٹسٹ (سماجی سائنسدان) عبدالشکور مرزا نے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین کی کاوشوں اور انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں رہتے ہوئے یہاں مقیم پاکستانیوں کی خدمت یقیناً ایک بڑا کام ہے جس کی جس قدربھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔

سوشل سائنٹسٹ (سماجی سائنسدان) عبدالشکور مرزا نے کہا کہ وہ اپنے لیکچرز کے دوران پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی خدمات کا ذکر ضرور کریں گے اور اس کی سروسز کی مثال دیں گے،آخر میں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین اور جنرل سیکرٹری چودھری افتخار احمد نے سوشل سائنٹسٹ (سماجی سائنسدان) عبدالشکور مرزا کا پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کا مطالعاتی دورہ کرنے اور اپنی گرانقدر رائے دینے کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!